کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ قومیں اپنی تہذیب و ثقافت سے ہی دنیا میں پہچانی جاتی ہیں

Spread the love

ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ قومیں اپنی تہذیب و ثقافت سے ہی دنیا میں پہچانی جاتی ہیں اور اسی سے مختلف خطوں اور نسلوں کے افراد میں اتحاد و یگانگت پیدا ہوتا ہے،جو قوم اپنی ثقافتی روایات کو بھلا دیتی ہیں اسے تاریخ بھی بھلا دیتی ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نہ صرف اپنی ثقافت پر فخر کریں بلکہ اسے دنیا بھر میں متعارف کرائیں۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ہڑپہ فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس کا مقصد عوام کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس خطے کی تہذیب و روایات سے بھی روشنا س کرانا ہے -ایگزیکٹو ڈائیریکٹر پکار محبوب عالم، ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ، چیئرمین بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز ساہیوال میاں محمد ساجد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق ،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز وسیم اکرم اور الیاس اکبر سنگلہ اور اے سی جنرل محمد وقاص ظفر بھی ان کے ہمراہ تھے -انہوں نے مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے اور خطے کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں ساہیوال آرٹس کونسل کے کردار کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ ایسے فیسٹیول مقامی فنکاروں کو آگے بڑھنے کا مفید پلیٹ فارم مہیا کریں گے جس سے ان کے فن کی آبیاری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑپہ تہذیب دنیا میں اس خطے کی پہچان ہے جس کا فروغ حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہڑپہ فیسٹیول کا انعقاد اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے فیسٹیول کے موقع پر لگائے گئے کرافٹ بازار میں بھی گہری دلچسپی لی اور وہاں کام میں مصروف فنکاروں کے کام کو سراہا۔ اس سے پہلے ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ 7روزہ ہڑپہ فیسٹیول سے نہ صرف ساہیوال کے شہریوں کو بہترین تفریح فراہم کی جائے گی بلکہ مقامی و علاقائی فنکاروں اور دستکاروں کو ان کی مصنوعات کی نمائش کا پلیٹ فارم بھی مہیا کیا جا رہا ہے جس سے ان کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہڑپہ فیسٹیول کے مختلف پروگراموں میں بھر پور شرکت کریں-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں