جہلم(اختر شاہ عارف)ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ المرکزجہلم کا ماہانہ اجلاس زیرِ صدارت ڈاکٹر شہناز شاہد گلشن حقیق ہال المرکزجہلم میں منعقد ہوا۔اس اجلاس میں ڈاکٹر شہناز شاہد کے علاوہ سیدہ شاہدہ شاہ،تہمینہ گل چوہدری،کرنل( ر) محمد عبید مرزا،ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم،ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ،فروا ذیشان،فرزانہ اجمل،ڈاکٹر محمد اسد مرزا،ڈاکٹر حفصہ عابد،ڈاکٹر عائشہ مرزا،فریحہ مرزا،فلک ناز سیٹھی،صباحت رضوی،شہناز اختر اور سید اختر علی شاہ نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ نے حاصل کی۔جبکہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کی ۔اس کے بعد تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔قومی ترانے کے بعد کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے تمام بیماروں کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔اور تمام مرحومین، بالخصوص ادارے کے مرحومین اور ڈاکٹر شاہد تنویر کے بھائی جو گزشتہ دنوں رضائے الہٰی سے وفات پا گئے تھے ان سب کی ارواح کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیئے اجتماعی دعا کرائی۔
جنرل سیکرٹری سیدہ شاہده شاہ نے گزشتہ ماہانہ اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔فنانس سیکرٹری کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے فنانس رپورٹ پیش کی۔تہمینہ گل چوہدری نے ایم سی ایچ سنٹر کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ ریکارڈ اکیاسی خواتین اس سنٹر سے مستفید ہوئیں۔جن میں کچھ گائنی کیس بھی تھے۔تمام حاضرین نے تالیاں بجا کر تہمینہ گل چوہدری کی اس شاندار کارکردگی کو سراہا۔ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام ماہ فروری میں ہونے والے پروگرام میں بتایا گیا۔کہ ماہ فروری2023ء میں ڈھوک جمعہ میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔جہاں مستحق خواتین اور بچوں کا مفت طبی معائینہ کیا گیا اور فری ادویات دی گئیں۔اس اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ ماہ اپریل میں رمضان المبارک کے آخری ہفتےگزشتہ سال کی طرح اس بار بھی مہربانی شاپ کا اہتمام کیا جائے گا۔جہاں سے مستحق افراد نئے کپڑوں،مہندی،چوڑیوں،جوتوں اور دیگر اشیائے ضروریات کی مفت خریداری کر سکیں گے۔اس کے بعد ادارے کے زیرِ اہتمام تجوید قرآن کلاس برائے خواتین کے بارے میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس کلاس کو مزید وسعت دینے کے لیئے ایم سی ڈبلیو اے کی چار رکنی ٹیم بنائی جائے جو گھر گھر جا کر خواتین کو اس سلسلے میں ترغیب دے۔چنانچہ سیدہ شاہدہ شاہ،فروا ذیشان،صباحت رضوی اور فلک ناز سیٹھی نے رضاکارانہ طور پر اس نیک کام کا بیڑہ اٹھانے کی ذمہ داری قبول کر لی ۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کو پرتکلف چائے پارٹی دی گئی۔اس پارٹی کی میزبانی فرزانہ اجمل نے کی۔اس کے بعد اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔
