وزیرآباد (طارق ملک بیورو چیف ) سیکریٹری ہیلتھ پنجاب کا وزیرآباد کا اچانک دورہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی بے سروسامانی آشکار ہو گئی. ایم ایس کو ڈانٹ پلادی. سیکریٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خاں نے آج اچانک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کا دورہ کیا تو ہر طرف بے سروسامانی کا عالم تھا. بلڈ بنک لیبارٹری ایکسرے روم آپریشن تھیٹر ہر طرف تالے لگے ہوئے تھے.سینئیر ڈاکٹر عدم دستیاب تھے. فارمیسی کا عملہ ادویات کا سٹاک چیک نہ کرا سکا. مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے.ٹراما سنٹر میں علاج معالجہ اور ایمر جنسی کی سہولیات نایاب تھیں. ٹراما سنٹر کے آپریشن تھیٹر اور وارڈز میں ہو کا عالم طاری تھا تحصیل ھیڈ کوارٹر ہسپتال کی نا گفتہ بہ حالت پر سیکریٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خاں سیخ پا ہو گئے اور ایم ایس ڈاکٹر احسان ظہیر بٹ کو ڈانٹ پلا دی اور ان وارننگ دیتے ہوئے جواب طلبی کرلی اور پندرہ روز میں مکمل رپورٹ طلب کرلی. سیکریٹری ہیلتھ نے حکم دیا کہ سرجیکل میڈیکل کے تمام وارڈز فوری طور پر ٹراما سنٹر کے نو تعمیر شدہ وارڈ میں منتقل کر کے تمام سینئیر ڈاکٹرز کے دفاتر قائم کرکے انکی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور آپریشن تھیٹر سمیت تمام شعبوں کو فعال کیا جائے. انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں دستیاب تمام جدید سہولتوں تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ فرائض سے غفلت قومی جرم کے مترادف ہے اور ڈیوٹی سے غفلت برتنے والوں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں.
