جہلم(اختر شاہ عارف)سی ڈی سی المرکزجہلم کا ماہانہ اجلاس آج زیر صدارت ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔جس میں ڈاکٹر شاہد تنویر،شاہد جلیل سیٹھی،سیدہ شاہدہ شاہ،ڈاکٹر محمد اسد مرزا،کرنل(ر) محمد عبید مرزا،محمد ارشد احمد مرزا،سرپرست سی ڈی سی چوہدری جاوید اقبال،میجر(ر)ذرغون گل خان،محمد امین میر،ارشد محمود مبارک،آفس سیکرٹری راجہ توقیر احمد،ڈاکٹر شہناز شاہد،ڈاکٹر شہزانہ امتیاز،ڈاکٹر شیبا اکرم ہاشمی،مسز فلک ناز سیٹھی،اشتیاق پال،عبد الغفور چوہان،عمر بٹ،محمد عثمان،احسن رضا ارشد اور سید اختر علی شاہ کے علاوہ دیگر ممبران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔تلاوت کلام پاک کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔اس کے بعد تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔قومی ترانے کے بعد تمام بیماروں کی صحت یابی کے لیئے دعا مانگی گئی۔جبکہ تمام مرحومین کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیئے اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ جنرل سیکرٹری سی ڈی سی شاہد جلیل سیٹھی نے پچھلے ماہ کے اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔ فنانس سیکرٹری کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے فنانس رپورٹ پیش کی۔ماہ رمضان میں راشن تقسیم کے حوالے سے محمد امین میر،ارشد محمود مبارک اور کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے حاضرین کو بتایا کہ اب تک اس حوالے سے آٹھ لاکھ بتیس ہزار روپے کا راشن اور نقد رقوم مستحقین میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ارشد محمود مبارک نے مزید بتایا کہ تقریباً ایک لاکھ روپے کا راشن سپیشل ایجوکیشن سکول رہتاس روڈ میں تقسیم کیا گیا ہے۔کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے سی ڈی سی کے فلاحی کاموں کے حوالے سے بتایا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول شمالی محلہ جہلم،مدرستہ للبنات سکول اور اپوا سکول میں پانی کے مسائل تھے۔چنانچہ وہاں سی ڈی سی المرکزجہلم کی طرف سے ترجیحی بنیادوں پر پانی کے مسائل حل کیئے گئے۔علاوہ ازیں ایک مستحق خاتون کو سلائی مشین دی گئی۔حال ہی میں سی ڈی سی المرکزجہلم کے زیرِ اہتمام ترک منشیات کے حوالے سے ہونے والے سیمینار کے حوالے سے ڈاکٹر شاہد تنویر نے بتایا کہ یہ سیمینار انتہائی معلوماتی اور کامیاب سیمینار تھا۔جس سے شرکاء کی بہت بڑی تعداد مستفید ہوئی۔اس موقع پر سیدہ شاہدہ شاہ نے نکتہ اٹھایا۔کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم میں ترک منشیات سنٹر ہونا چاہیئے۔جس پر ڈاکٹر شاہد تنویر نے بتایا کہ اس پر کام ہو رہا ہے۔23۔مارچ کے حوالے سے ہونے والے پروگرام اور ملی مشاعرے کے حوالے سے ہونے والے پروگرام کے بارے میں میجر(ر) ذرغون گل خان نے کہا۔کہ یہ پروگرام انتہائی شاندار تھا۔جس میں شہر بھر سے آئے ہوئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر پر صدر المرکز کونسل جہلم ڈاکٹر محمد اسد مرزا جہلم نے سی ڈی سی،ایم سی ڈبلیو اے المرکزجہلم کے عہدیداران اورممبران کے علاوہ جہلم کی دیگر فلاحی تنظیم کے عہدیداران کے اعزاز میں شاندار افطار پارٹی اور پرتکلف عشائیہ دیا۔جس کے لیئے تمام شرکاء نے ڈاکٹر محمد اسد مرزا کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا
