ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ فشریز ساہیوال شیخ شاہد مقبول نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر پر قابو پانے کے لئے دیگر محکموں کی طرح فشریز ڈیپارٹمنٹ بھی محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریاں پھیلانے والے مچھروں کی افزائش ختم کرنے کے لئے محکمہ فشریز نے لاکھوں کی تعداد میں تلپیا مچھلی پالی ہے جو ڈینگی کنٹرول کرنے کے لئے آبادی والے علاقوں کے قریب تمام کھڑے پانی چھوڑی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات کنعان پارک کی جھیل میں ڈینگی مچھروں کو تلف کرنے والی تلپیا(بچہ مچھلی) چھوڑنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس انجم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز محمد نجم، فوکل پرسن برائے ڈینگی میڈم رئیسہ سمیت محکمہ کے سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈویژنل ڈائریکٹر شیخ شاہد مقبول نے بتایا کہ ڈینگی اور ملیریا کا باعث بننے والے مچھروں کے لاروے کو ختم کرنے کیلئے تلپیا مچھلی انتہائی موزوں ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 41ہزار سے زائد تلپیا مچھلی مختلف جگہوں پر چھوڑی گئی ہے جس میں سے 27ہزار ضلع ساہیوال، 9ہزار ضلع اوکاڑہ اور 5ہزار ضلع پاک پتن کے مختلف علاقوں جہاں پانی کھڑا تھا میں چھوڑی گئی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد کھڑے پانی کی نشاندہی کریں جہاں مچھلی زندہ رہ سکتی ہو تاکہ وہاں مخصوص مچھلیوں کو سٹاک کر کے مچھروں کی پیداوار کو روکا جا سکے۔
