ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال)پنجاب حکومت سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے لئے گرمیوں کی چھٹیوں میں 3ماہ کے خصوصی کورسز کروانے کا ایک بڑا پروگرام شروع کر رہی ہے جس سے دوران تعلیم ہی نوجوان اپنی پسند کا ہنر سیکھ سکیں گے۔ یہ کورس یکم جون سے ساہیوال کے فنی تعلیم کے دو اداروں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار بوائز اور گرلز میں شروع ہو رہا ہے۔ اس اہم پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر غور کے لئے ایک خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جبکہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف اور امتیاز احمد خان کھچی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ، سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام اور ڈی او سیکنڈری خادم حسین موہل نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے پروگرام کی افادیت کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ بچوں کی پسند کے مطابق انہیں شعبے الاٹ کرائے جائیں تاکہ وہ دلچسپی سے تربیت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے حصول سے ہی خودروزگار کے مواقع پیداہونگے اور نوجوانوں ملازمتوں کی بجائے دوسروں کو ملازم رکھنے کے قابل ہونگے۔ انہوں نے کالجز اور سکولوں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ طلبہ و طالبات کو ان کورسز کی افادیت سے آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے ان میں شریک ہوں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے بتایا کہ3ماہ کا یہ فنی تعلیم کا کورس بالکل مفت ہوگا اور اس سلسلے میں 16مئی سے 25مئی تک خصوصی آگہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ زیادہ طلبہ و طالبات تک اس کورس سے متعلق معلومات پہنچ سکیں۔
