ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال) گورنمنٹ گریجوایٹ کالج ساہیوال میں بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا انتظام کالج کی ہسٹری سوسائٹی نے کیا تھا ۔ سیمینار کی صدارت پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے کی جبکہ ہندو برادری سے ایون راج کمار ، سکھ برادری سے سردار نیدان سنگھ ، مسیحی برادری سے فادر ندیم جوزف اور بہائی برادری سے پرویز اختر مذاکرہ میں شریک ہوئےجبکہ مسلم برادری کی نمائندگی کالج کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل نے کی۔ پروفیسر عمران جعفر کمیانہ نے سیمینار کے تعارف اور آج کے دور میں اس کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان موجود تعصب کو ختم کر کے ہم آہنگی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے. پرنسپل ڈاکٹر ممتاز احمد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم آہنگی کا فروغ نئی نسل کیلئے بہت ضروری ہے. ان کا کہنا تھا کہ سیاسی ، معاشی، مذہبی اور معاشرتی اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کی رائے کو نہ صرف سمجھا جائے بلکہ مقدم رکھا جائے گا تبھی ایک بھرپور معاشرہ فروغ پائے گا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہر سماجیات پروفیسر جلیل بٹ نے مذہب اور معاشرے کی تشکیل پر گفتگو کرتے ہوئے مختلف مذاہب کی تاریخ بیان کرتے ہوئے ان کی معاشرے کیلئے ضرورت پر زور دیا. سماجی کارکن مس نجمہ وسیم کا کہنا تھا کہ جس طرح تعلیم اور تربیت کو الگ نہیں کیا جاسکتا اسی طرح امن اور مذہب کو بھی الگ نہیں کیا جاسکتا۔ بہائی برادری کے نمائندہ پرویز اختر نے اپنے مذہب کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ جس طرح درخت اپنے پھل سے پہچانا جاتا ہے اسی طرح انسان اپنے عمل سے پہچانا جاتا ہے۔ انسان کی عمل ہی اسے بلندی تک پہنچاتا۔شیخ اعجاز احمد رضا نے ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کو ضروری قرار دیا۔ سکھ برادری سے سردار نیدان سنگھ کا کہنا تھا کہ مذہب کوئی بھی ہو ہمدردی ہی سب کا حاصل کل ہے ۔ ہمدردی کرو گے تو ہمدرد کہلاؤ گے اور تمہارا درد بھی تبھی سمجھا جائے گا جب تم ہمدرد بنو گے. پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل نے اسلام کی تعلیمات سے آگاہی دی اور کہا کہ دین اسلام تمام مذاہب کی تکریم کرنے والا دین ہے۔ مسیحی برادری سے کیتھولک چرچ سے فادر ندیم جوزف نےسچائی ،اخوت ،بھائی چارہ اور صبر و تحمل اور امن کی بات کی کہ تمام مذاہب انہیں بنیادی اقدار کا منبہ ہیں۔ کوئی مذہب بھی ان بنیادی اقدار کے دائرے سے باہر نہیں۔سیمینار میں کالج کے اساتذہ طلبہ و طالبات نے بھرپور شمولیت کی ۔ پیس فلیکس کے نمائندے اشنکنار کھوکھر نے شکریہ کلمات کہے جبکہ سیمینار کے اختتام پر امن کے نام پر فادر ندیم جوزف کی طرف سے موم بتی جلائی گئی اور کیک کاٹا گیا۔
