میرا جگمگ کرتا روشن پاکستان ناقص پالیسیوں کی بدولت ان گنت مسائل کا شکار

Spread the love


جہلم (اختر شاہ عارف)”ایک وقت تھا کہ میرے وطن عزیز پاکستان میں کسی نے لوڈ شیڈنگ کا نام تک بھی نہیں سنا تھا۔مہنگائی کا عفریت یوں ہر روز انسانی جانوں کی بھینٹ نہیں لیا کرتا تھا۔ لوگ غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر نہ اپنی اولادیں فروخت کیا کرتے تھے اور نہ ہی بھوک کے ہاتھوں مجبور ہو کر اپنے بیوی بچوں کو اپنے ہاتھوں موت کی نیند سلا کر خود پھانسی کے پھندوں پر جھول جایا کرتے تھے۔ اولاد آدم نے ابھی انسانیت کا لباس اتار کر اس حد تک درندگی اور شیطانیت کا لبادہ نہیں اوڑھا تھا۔کہ شیر خوار بچیوں،کمسن حواذادیوں اور مرنے والوں کو قبروں سے نکال کر شیطانیت کا مظاہرہ کرتا۔لوگوں میں انسانیت،محبت،پیار اور خلوص ہوا کرتا تھا۔75 روپے ماہوار تنخواہ پانے والوں کا گزارہ با آسانی گزارہ ہو جایا کرتا تھا۔نو افراد پر مشتمل کنبے کا مہینے بھر کا راشن اسی(80)روپے میں باآسانی آجایا کرتا تھا۔دودھ،مرچیں اور دیگر کھانے پینے کے اشیاء بالکل خالص ہوا کرتی تھیں۔لوگ ابھی اس حد تک”ذہین”نہیں ہوا کرتے تھے کہ کسی سادہ لوح کو اپنی عیاریوں کا نشانہ بنا سکیں۔نہ ہی سیاستدان مسند اقتدار تک پہنچنے کے لیئے سادہ لوح عوام کو جھوٹ بول بول کر سبز باغ دکھایا کرتے تھے۔ہر طرف اگر خوشحالی نہیں تو یوں بدترین بد حالی کا بھی دور دورہ نہ تھا۔پھر وقت نے کروٹ بدلی۔سیاست کا عفریت انگڑائی لے کر بیدار ہوا۔اپنے بد نما چہرے پر خوبصورتی کا نقاب چڑھایا اور میدان عمل میں آ گیا۔خوشحالی بد حالی میں بدلی۔محبتیں،خلوص،پیار انسان دوستی سب کچھ اپنی موت آپ مر گئے۔اور اس نامراد سیاست نے لوگوں کو مختلف گروہوں،پارٹیوں اور دھڑوں میں تقسیم کر دیا۔ایک ہی گھر میں رہنے والے اپنی اپنی پارٹی کے حق میں آپس میں لڑنے لگے۔ایک ہی ماں باپ کے ماں جائے اپنی اپنی پارٹیوں کے بڑوں کے لیئے ایک دوسرے کے خون کے پیاسے بن گئے۔مہنگائی کا جن یوں بے قابو ہو گیا۔ کہ لوگ فاقوں سے مرنے لگے۔لاء اینڈ آرڈر کھڈے لائن لگا دیا گیا سر عام قتل ،ڈکیتیاں،ننھی منی حوا زادیوں کی آبرو ریزی غرضیکہ ہر قسم کے جرائم سر عام اور ببانگ دہل ہونے لگے۔نہ کوئی قانون رہا اور نہ ہی قانون کے رکھوالے قانون کی پاسداری کرنے کرانے والے رہے۔روشن اور جگمگ جگمگ کرتا پاکستان لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے بحرانوں کا شکار ہو کر گھور انھیاروں میں ڈوب گیا۔اقتدار،اقتدار کا کھیل کر ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال کر عوام کو بےوقوف بنانے اور اقتدار کی باریاں لینے والے غریب عوام کی قسمت تو نہ بدل سکے البتہ اندرون ملک اور بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنا لیں۔پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بیرون ملک لے گئے اور وہاں کے بینک اپنی اس لوٹی ہوئی دولت سے بھر لیئے۔اب صورت حال یوں ہے کہ پاکستان ان کی شکار گاہ بن چکا ہے ۔جہاں ایک پارٹی الیکشن لڑ کر اقتدارِ میں آتی ہے۔پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بیرون ملک اپنے سرمائے اور اپنی جائیدادوں میں اضافہ کرتی ہے۔پھر اپنے اقتدار کی مدت پوری کر کے بیرون ملک چلی جاتی ہے اور پھر دوسری پارٹی بر سرِ اقتدار آکر یہ کھیل شروع کر دیتی ہے ۔۔”ان خیالات کا اظہار معروف سماجی رہنما سید اختر علی شاہ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔انہوں نے اہل اقتدار کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہا کہ
میرے پیارے وطن پاکستان کو اندھیروں میں ڈبونے والو،میرے اہل وطن کو غربت و افلاس کی دلدل میں دھکیلنے والو۔۔ہوش کے ناخن لو۔اس مملکت خداداد کی بنیادوں میں ان گنت شہداء اور مظلوموں کا لہو شامل ہے۔اس وطن کو ہر آفت ارض و سماوی سے محفوظ رکھنے کے لیئے آج بھی بیشمار قربانیاں دی جا رہی ہیں اور دی جاتی رہیں گی۔ڈرو اس وقت سے جب میرا اور ہم سب کا رب تم سب لٹیروں پر اپنی گرفت مضبوط کر لے گا اور تم سب یوں عبرت کا نشان بنا دیئے جاؤ گے کہ “تمہاری داستاں تک بھی نہ ہو گی داستانوں میں”۔۔آخر میں انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ
اللہ پاک میرے پیارے وطن پاکستان کی حفاظت فرمائے۔اور رہتی دنیا تک قائم دائم اور خوشحال رکھے آمین یارب العالمین۔۔
پاکستان زندہ و پائیندہ باد۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں