بلاول کی بات درست ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی بغیر وسائل مہیا کیے بغیر ممکن نہیں لیکن بجٹ دستاویز میں رقم مختص نہیں تھی تو خاموش کیوں رہے۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اتحاد عملی طور پر ختم ہو چکا، صرف اعلان ہونا باقی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا یونان کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں، وزیراعظم نے آج سوگ کا اعلان کیا مگر بات 300 گھرانوں کی ہے، میں نے ایک سیل بنایا تھا جس کا کام 24 گھنٹے الرٹ رہنا تھا، آج وزارت خارجہ خاموش ہے، لوگوں کو آگاہ کرنا چاہیے، دفتر خارجہ یونان کشتی حادثے سے متعلق آگاہ کرے۔انہوں نے کہا میں نے کہا تھا پی ڈی ایم کا اتحاد بکھر رہا ہے جس کی کل سے شروعات ہو گئی، بلاول بھٹو نے کل سوات سے متعلق خدشات ظاہر کیے، بلاول کی بات درست ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی بغیر وسائل مہیا کیے بغیر ممکن نہیں لیکن بجٹ دستاویز میں رقم مختص نہیں تھی تو خاموش کیوں رہے؟ بجٹ میں سندھ کے فنڈز کے بارے میں تبصرہ کیوں نہیں ہوا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آج وزرا آزاد کشمیر کے الیکشن پر اعتراضات اٹھا رہے ہیں، آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی نے ن لیگ کے ساتھ دھاندلی کی تو کراچی میں 13 ووٹ کیوں دیے؟ کراچی کے میئر کے الیکشن میں آپ نے اپنا احتجاج کیوں نہیں ریکارڈ کرایا۔وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا عملی طور پر پی ڈی ایم کا اتحاد ختم ہو چکا ہے، اب صرف اعلان ہونا باقی ہے، پی ڈی ایم اتحاد عملی طور پرختم ہوچکا، اعلان کی تاخیر ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سوات میں جلسہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وفاق میں اپنی ہی اتحادی جماعت مسلم لیگ ن کو خبردار کیا تھا کہ اگر بجٹ میں سندھ کے سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہوئے تو بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے.بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا بجٹ اتحادیوں کی مشاورت سے تیار ہوا تھا اور وفاقی کابینہ میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے لوگوں نے بھی اس کی توثیق کی تھی.آج وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا بھی اس حوالے سے بیان آیا ہے کہ سندھ کا معاملہ کوئی اتنا بڑا معاملہ نہیں ہے، سندھ کا معاملہ آج ہی حل ہو جائے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے 25 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دیدی۔
