انتخابات میں ایک سے دو ماہ کی تاخیر ہو سکتی ہے۔وزیر دفاع
اسلام آباد(نمائندہ جاوید اقبال)گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نومبر میں انتخابات ہوں گے تاہم انتخابات میں ایک سے دو ماہ کی تاخیر ہو سکتی ہے۔غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 9 اگست کی شام تک اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی جس کے بعد آئین کے مطابق 90 دن کے اندر انتخابات ہونا ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نومبر میں انتخابات ہوں گے، تاہم مخصوص حالات میں الیکشن کمیشن انتخابات کو ایک سے دو ماہ تک موخر کر سکتا ہے، تاہم انتخابات میں اس سے زیادہ تاخیر نہیں ہو سکتی۔اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ منگل کی رات 10 بجے تک ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کامران ٹیسوری کا نام دیا ہے، پیپلز پارٹی بھی ایک یا دو نام دے گی.
