

جہلم(اختر شاہ عارف)آج 06-ستمبر “یوم دفاع “کے موقع پر المرکزجہلم میں ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جس کے مہمانِ خصوصی مرزا جواد بیگ ریٹائرڈ سیشن جج جہلم تھے۔یہ پروگرام المرکز کونسل اور اس کی ذیلی تنظیموں سی ڈی سی،ایم سی ڈبلیو اے اور ڈیف ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے منعقد ہوا۔اس پروگرام میں کرنل(ر) محمد عبید مرزا، چوہدری جاوید اقبال پیٹرن سی ڈی سی المرکزجہلم،شاہد جلیل سیٹھی،سیدہ شاہدہ شاہ،فرزانہ اجمل،میجر(ر)محمد زرغون گل خان، محمد ارشد احمد مرزا،احسان شاکر،احسن ارشد مبارک،راجہ پرویز اختر،اقبال گل،محمد احمد جمیل ایس وی پی ریجنل چیف یو بی ایل جہلم، چوہدری اجمل،سید اختر علی شاہ کے علاوہ خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔جس کے بعد ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا۔ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلعم کے بعد تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔اس کے بعد تمام شہدائے پاکستان اور مرحومین بالخصوص ادارے کے مرحومین کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیئے اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی کی گئی۔اور بیماروں کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔اس پروگرام کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض شاہد جلیل سیٹھی جنرل سیکرٹری سی ڈی سی المرکزجہلم نے سر انجام دیئے۔یہ پروگرام دو ادوار پر مشتمل تھا۔پہلا سیشن ادارے کے بانی ممبر مرزا عبد الغفور بیگ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ وسیشن جج مرحوم کے حوالے سے تھا۔محمد ارشد احمد مرزا،کرنل(ر) محمد عبید مرزا،چوہدری جاوید اقبال،مرزا جواد بیگ ریٹائرڈ سیشن جج اور میجر(ر) زرغون گل خان نے مرحوم کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا۔کہ مرحوم نہ صرف ایک قابل وکیل تھے بلکہ ایک بلند پایہ ادیب و شاعر بھی تھے۔المرکز جہلم کا نام انہوں نے ہی تجویز کیا تھا۔انہیں شعبہ وکالت سے اتنی محبت اور شوق تھا۔کہ جب سول جج کا امتحان پاس کیا۔تو تب بھی انہوں نے وکالت کو ہی ترجیح دی۔وہ تقریباً ساٹھ سال سے زائد عرصے تک وکالت کرتے رہے۔ پروگرام کا دوسرا سیشن 06-ستمبر کے حوالے سے تھا۔اس سیشن میں کرنل(ر) محمد عبید مرزا،میجر(ر) زرغون گل خان،احسن ارشد مبارک اور دیگر مقررین نے اس دن کو پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا یاد گار اور تاریخ ساز دن قرار دیا۔جب افواج پاکستان نے اپنے ازلی دشمن بھارت کو جسے واضح عددی برتری کے ساتھ ساتھ جدید ترین اسلحے کی بھی کثرت حاصل تھی۔اس کو نہ صرف عبرت ناک شکست فاش دی ۔بلکہ دشمن کے ایک وسیع علاقے پر بھی قبضہ کر لیا۔جسے بعد میں اقوامِ متحدہ کی مداخلت کی وجہ سے دشمن کو واپس کرنا پڑا۔
پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کو پرتکلف چائے پارٹی دی گئی۔جس کے بعد یہ شاندار پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔
