
جہلم(اختر شاہ عارف) آج ایم سی ڈبلیواے(میٹرنٹی اینڈ چائیلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن) رجسٹرڈ المرکزجہلم کے گلشن حقیق ہال المرکزجہلم میں منعقد ہونے والے ماہانہ اجلاس میں پاکستان کے استحکام،اس کو درپیش مسائل کے بہتر حل اور فلسطین کی آزادی کے لیئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔اس ماہانہ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر محمد اسد مرزا نے کی۔ اجلاس کے دیگر شرکاءمیں سیدہ شاہدہ شاہ،کرنل(ر) محمد عبید مرزا،ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ،ڈاکٹر عائشہ مرزا،ڈاکٹر حفصہ عابد،تہمینہ گل چوہدری اور سید اختر علی شاہ کے علاوہ دیگر عہدیداران و ممبران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کی سعادت ڈاکٹر حفصہ عابد نے حاصل کی۔جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کیا۔اس کے بعد تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔قومی ترانے کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ڈاکٹرعائشہ مرزا اور کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے تمام مرحومین بالخصوص ادارے کے مرحومین کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیئے فاتحہ خوانی اور تمام بیماروں کی صحت یابی خصوصاً ڈاکٹر گلشن حقیق مرزا اور ڈاکٹر طارق مرزا کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ علاوہ ازیں اس اجلاس میں پاکستان کو درپیش مسائل کے پائیدار حل،اس کی خوشحالی اور استحکام کے ساتھ ساتھ فلسطین کی آزادی کے لیئے گڑگڑا کر دعائیں مانگی گئیں۔اور ان پر ڈھائے جانے والے غیر انسانی مظالم کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اس کے بعد جنرل سیکرٹری سیدہ شاہدہ شاہ نے پچھلے ماہ کے ماہانہ اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔فنانس سیکرٹری کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے فنانس رپورٹ پیش کی۔ایم سی ایچ سنٹر کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مسز تہمینہ گل چوہدری نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کل اکتیس مریض خواتین اور بچے اس سنٹر سے مستفید ہوئے۔جن میں تین گائینی کیس،چار فیملی پلاننگ کیس،آٹھ بچےاور اٹھارہ جنرل کیس تھے۔اس اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا۔کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں لگایا جانے والا “سکن کیمپ”بعض ناگزیر وجوہات کی وجہ سے نہ لگایا جا سکا۔چنانچہ وہ “سکن کیمپ”اب ماہ رواں میں 20-اکتوبر بروز جمعتہ المبارک دن ساڑھے دس تا ساڑھے بارہ بجے لگایا جائے گا۔جس میں ڈاکٹر عائشہ مرزا سکن(جلدی امراض)کی حوالے سے مفید اور معلوماتی گفتگو کریں گی ۔ بعد ازاں مریض خواتین کو مفت چیک کرنے کے ساتھ ساتھ فری ادویات بھی فراہم کریں گی۔لیکن اس کیمپ سے پہلے اسی روز ڈاکٹر عائشہ مرزا صبح دس بجے سے لے کر ساڑھے دس بجے تک خواتین اور بچیوں کے لیئے”قرآن فہمی کلاس بھی لیں گی۔ جس میں قرآن مجید کو پڑھنے اورسمجھنے کے ساتھ ساتھ دیگر دینی مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو کریں گی۔
رواں ماہ اکتوبر میں ہونے والے پروگرام کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا۔کہ جلد ہی ڈاکٹر شہزانہ امتیاز سے مشاورت کر کے اس پروگرام کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کو ایک شاندار اور پر تکلف چائے پارٹی دی گئی۔جس کی میزبانی ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ اور ڈاکٹر حفصہ عابد نے کی۔اس کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ۔
