ساہیوال( چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف )چیف ایگزیکٹیو آفیسرایجوکیشن ساہیوال چودھری محمد اکرام نے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا الم ناک دن ہے جب معصوم پھولوں کو بے دردی سے ان کے اسکول میں شہید کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس ساہیوال ڈویژن کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے تعاون سے گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائی سکول میں سانحہ پشاور APS کے شہید بچوں کی یاد میں منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر، ڈی ای اوسیکنڈری خادم حسین موہل،وائس پرنسپل شاہد ارشاد رامے،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد قاسم،محمد وسیم اکرم اور الیاس اکبر سگھلہ کے علاوہ اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ معصوم بچوں پر بزدلانہ حملہ کرکے دشمن نے یہ ثابت کیا کہ اس کا کوئی مذہب نہیں اور وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن ساہیوال آرٹس کونسل محمد قاسم نے کہا کہ پاکستانی قوم شہید بچوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کی پاکستان اور پوری دنیا میں سخت الفاظ میں مزمت کی گئی ہے۔ تقریب کے اختتام پر اے پی ایس کے شہید بچوں اور اساتذہ کی مغفرت کے لئے دعا اور شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
