وزیرآباد (نامہ نگار) سول ہسپتال کے باہر تجاوزات کی بھرمار مریضوں، لواحقین اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ ایمبولینسوں کا رش میں پھنسے رہنا معمول، مقامی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس خاموش تماشائی۔ شہری حلقوں کی جانب سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق سرکلر روڈ، سول ہسپتال وزیرآباد کے سامنے ریڑھی بانوں، رکشوں اور ناجائز پارکنگ سٹینڈ مافیا نے ڈیرے ڈال لیے۔ جس کے باعث مریضوں اور لواحقین کی ہسپتال میں آمدورفت انتہائی مشکل ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ روڈ، اوور ہیڈ برج، اللہ والا چوک، سرکلر روڈ پر گھنٹوں ٹریفک بلاک رہنا معمول بن چکا ہے، اسی کے سبب ایمبولینسوں کے ٹریفک میں پھنسے رہنے سے کئی انسانی زندگیاں ضائع ہو چکی ہیں۔ صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ ، سید شہباز بخاری، کاشف چوہدری ، ضمیر کاظمی، نعیم اشرف اور دیگر نے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے
