کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے بعض شہریوں کی طرف سے صاف پانی کی فراہمی کے کنکشن نہ لگوانے پر ناراضگی کا اظہار کیا

Spread the love

چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف ساہیوال
ساہیوال: کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے بعض شہریوں کی طرف سے صاف پانی کی فراہمی کے کنکشن نہ لگوانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اربوں روپے کی خطیر رقم سے ساہیوال کے باسیوں کو صاف پانی کی دستیابی کا بڑا منصوبہ مکمل کر رہی ہے تاکہ آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے انہیں بچایا جا سکے۔ میونسپل کارپوریشن کنکشن نہ لگوانے والے شہریوں کو نوٹسز جاری کرے اور انہیں بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے روزانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ سٹی مینجر پسپ نے بتایا کہ اب تک یونین کونسل نمبر7(محلہ نور پارک) میں 1879، یونین کونسل نمبر8(غلہ منڈی) میں 2119، یونین کونسل نمبر9(عنائت الہی کالونی) میں 1678اور یونین کونسل 11(جہاز گراؤنڈ) میں 3936کنکشن فراہم کر دیے گئے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پرانے اور نئے ٹیوب ویلز کو روزانہ مختص اوقات میں چلانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کی پانی کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ دریں اثناء کمشنر شعیب اقبال سید کی ہدایت پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ نے مشن چوک، مال منڈی چوک سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سینٹری سٹاف کی حاضری بھی چیک کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں