چوہدری محمد آصف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف
ساہیوال:ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کی بنگلہ اوکانوالہ میں غیر رجسٹرڈ اور غیرمعیاری کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی، 14لاکھ سے زائد مالیت کی غیررجسٹرڈ اور غیر معیاری کھاد برآمد، دکان مالک موقع سے گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اکرام الحق کی ہدایت پر اے سی چیچہ وطنی سردار مہتاب خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید نے محکمہ زراعت توسیع چیچہ وطنی کے عملے کے ہمراہ اوکانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 14لاکھ29ہزار425روپے مالیت کی غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری کھاد برآمد کرلی اور ایم ایس طاہری ٹریڈرز کے مالک نوید کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید نے بتایا کہ قبضہ میں لی گئی کھاد پولیس سٹیشن اوکانوالہ بنگلہ منتقل کر دی گئی ہے اور مالک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیرقانونی کام میں ملوث عناصر سے کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
