وزیرآباد(ملک طارق جاوید) ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر ممکنہ احتجاج پر پولیس نے وزیرآباد شہر و گردونواح میں تحریک انصاف کے کارکنان کے احتجاج کی کوشش ناکام بنا دی ،حویلی حامد ناصر چٹھہ احمد نگر ،علی پور ،رسولنگر،گکھڑ و دیگر علاقہ جات میں بھی احتجاجی ریلیاں نہ نکل سکیں ۔ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کی پاکستان بھر میں جمعہ کی نماز کے بعد احتجاج کی کال تھی وزیرآباد کے قصبہ احمد نگر چٹھہ میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی حامد ناصر چٹھہ کی حویلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے سابق ضلع ناظم فیاض چٹھہ ضمنی الیکشن میں سنی اتحاد کونسل کی طرف سے حلقہ پی پی 36 میں امیدوار تھے اور انہیں حلقہ پی پی 36 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تحریک انصاف کے کارکنان کا وزیرآباد شہر ،علی پورچٹھہ، احمد نگر،رسولنگر،گکھڑ اور دیگر دیہاتوں میں احتجاج کا پروگرام تھا شہر کے مختلف چوکوں میں بھی پولیس کی کثیر تعداد اور پولیس وینز سارا دن گشت پر مامور رہیں رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد احمد چٹھہ نے کہا کہ جبر سے ہماری آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔پی پی 36 سمیت ملک بھر میں ضمنی انتخابات پر 8 فروری الیکشن کی تاریخ دہرائی گئی اور جعلی ووٹوں کا بے دریغ استعمال کر کے ہارے ہوے شخص کو جتوایا گیا ان کا کہنا تھا کہ 21 اپریل کو ضمنی انتخاب کے دن انصاف کا قتل کیا گیا اور عوامی رائے کے برعکس جعلی امیدوار کی جیت کی راہ ہموار کی گئی ۔
