ریڈیوپاکستان اورپاکستان ٹیلی ویژن کی صف اول کی نیوز کاسٹر تسکین ظفر آج راولپنڈی میں مختصرعلالت کے بعد انتقال کرگئیں

Spread the love


ریڈیوپاکستان اورپاکستان ٹیلی ویژن کی صف اول کی نیوز کاسٹر تسکین ظفر آج راولپنڈی میں مختصرعلالت کے بعد انتقال کرگئیں ۔ان کی عمر سڑسٹھ سال تھی۔1957ء میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والی تسکین ظفر کئی دہائیوں تک نشریاتی اداروں سے وابستہ رہیں۔وہ 1980ء میں اناؤنسر کی حیثیت سے
ریڈیوپاکستان سے وابستہ ہوئیں۔
تسکین ظفرنے ریڈیوپاکستان حالات حاضرہ کے چینل پر پروگراموں کی میزبانی بھی کی۔
وہ پاکستان ٹیلی ویژن سے بھی وابستہ رہیں جہاں انہوں نے موسیقی کے کئی پروگراموں کی میزبانی کی اور شعبہ تعلقات عامہ میں ایگزیکٹو آفیسر کے طورپر خدمات سرانجام دیں۔
تسکین ظفر کو ان کی شاندار خدمات پر گزشتہ سال صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔
جب 2002 میں ہم بطور سب ایڈیٹر ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوئے اور پہلی تعیناتی اسلام آباد ہوئی تو ان سے تواتر سے ملاقات رہتی۔ انتہائی دھیمے مزاج کی شایستہ اور شستہ خاتون جن کا شمار پاکستان کی چند ان سرکردہ نیوز ریڈرز میں ہوتا تھا جنہوں نے ان برسوں میں اپنی منفرد شناخت بنائی جب ملک میں صرف پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان ہی ابلاغ کا واحد ذریعہ تھا اور نام وپہچان بنانا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ ان کا ایک مخصوص انداز تھا جس کے تحت وہ خبریں پڑھتے ہوئے اہم نکات پر غیر محسوس انداز سے اپنی آواز کا زیرو بم استعمال کر کے ان کی اہمیت کو اجاگر کرتیں۔ اب جبکہ خواتین نیوز ریڈرز کا ہجوم بے کراں ہے لیکن ان کا پرتو کؤی نہیں۔ وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں۔ ان کے صاحبزادے جگر کے ٹرانسپلانٹ کے لیے اپنا جگر عطیہ کرنا چاہتے تھے لیکن ڈاکٹرز کے مطابق سرطان بے قابو ہو چکا تھا۔ اور ٹرانسپلانٹ ممکن نہیں تھا۔ اللہ پاک انہیں غریق رحمت فرمائے آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں