آباد نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا، حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

Spread the love

اس وقت پاکستان میں معاشی سرگرمیاں تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے۔چیئرمین آباد

کراچی(نمائندہ عینی خان)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرزاینڈ ڈیولپرز (آباد) نے مالی سال کے وفاقی بجٹ 2024-25 کو مسترد کردیا۔آباد کے چیئرمین آصف سم سم، سینئر وائس چیئرمین ابراہیم حبیب،وائس چیئرمین ذیشان صدیقی،چیئرمین سدرن ریجن مصطفی شیخانی،آبادناردرن ریجن کے چیئرمین سلطان گوہر اور حیدر آباد ریجن کے قائمقام چیئرمین کاشف شیخ نے وفاقی بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں اضافے اور انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق7-E کوختم نہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔چیئرمین آباد آصف سم سم نے کہاکہ وفاقی بجٹ تعمیراتی صنعت کے لیے بڑادھچکاہے۔بجٹ میں پیش کیے گئے مجوزہ مالیاتی اقدامات سے تعمیراتی صنعت اوررئیل اسٹیٹ سمیت دیگر شعبوں پر بھاری مالی بوجھ پڑے گا۔ پراپرٹی اور سیلز ٹیکس میں اضافے سے نہ صرف تعمیراتی لاگت بڑھے گی بلکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری بھی متاثر ہوگی۔چیئرمین آباد نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں معاشی سرگرمیاں تیزکرنے کی اشد ضرور ہے ایسے میں بجٹ میں پیش کردہ مالیاتی اقدامات پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوں گے۔سیلز ٹیکس میں اضافے سے تعمیراتی سامان مزیدمہنگا ہوجائے گا۔ پہلے ہی گزشتہ چندسالوں میں تعمیراتی مصنوعات کی قیمتیں ڈبل ہوچکی ہیں،اب مزیدمہنگی ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلے ہی ایک کروڑ20 لاکھ گھروں کی کمی ہے۔ تعمیراتی مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے بلڈرز اور ڈیولپرز کے اخراجات بڑھ جائیں گے جو کہ لامحالہ گھرخریدنے والوں کو منتقل کیے جائیں گے جس کے نتیجے میں اوسط درجے کے شہری کے لیے گھر بنانا ایک نہ پورا ہونے والا خواب ہی بن جائے گا۔آصف سم سم کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اپنے آپ کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے تعمیراتی شعبے سمیت ملک کے تمام کاروبار کو دیوالیہ ہونے کی طرف دھکیل دیا ہے۔ تعمیراتی شعبے کا جی ڈی پی کی گروتھ اور روز گار فراہم کرنے میں اہم کردار ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا تھاکہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 7-E کا خاتمہ کیا جائے لیکن ہماری کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔7-E کے نفاذ کے بعد پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو بڑادھچکا لگا ہے۔اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بجائے دیگر ملکوں کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری شروع کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشی بحالی کے لیے تعمیراتی شعبہ ایک طاقور انجن ہے کیوں کہ تعمیراتی شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری کا 70 فیصد سرمایہ تعمیراتی سامان خریدے کی مد میں دیگر سو سے زائد ذیلی صنعتوں میں پمپ ہوجاتا ہے۔آباد رہنماؤں نے کہاکہ معاون ٹیکس پالیسیاں معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد واضح ہوگیاکہ حکومت نے ہمارے تحفظات پر بالکل توجہ نہیں دی۔ رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پراپرٹی سلز ٹیکس میں اضافہ واپس اور 7-E کا خاتمہ کرکے تعمیراتی شعبے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے،جب ہمیں سازگار ماحول فراہم ہوگا تو تعمیراتی سرگرمیاں بڑھیں گی جس سے معیشت کوترقی اور لاکھوں لوگوں کوروزگار فراہم ہوسک گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں