
جہلم(اختر شاہ عارف)
مورخہ 8 اگست2024ء کو مقامی گورنمنٹ پرائمری سکول چتن میں I-SAPS کے زیرِ اہتمام سول سوسائٹی ایجوکیشن نیٹ ورک سیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ جس کا بنیادی مقصد
“The Key Education Challenges and Solutions “تھا
اس سیشن میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد نے شرکت کی ۔تحصیل و ضلع جہلم کے مختلف سول سوسائٹی ایجوکیشن نیٹورک کے ممبران نے بھرپور طریقے سے سیشن میں شرکت کی ۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا ۔اس کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر I-SAPS جہلم راجہ ذیشان اسلم نے سیشن کا آغاز کیا اور پہلے سول سوسائٹی ایجوکیشن نیٹ ورک کے مقاصد کو متعارف کرایا۔ اس کے بعد ضلع جہلم میں موجود مسائل کے حوالے سے اسکور کارڈ میں موجود مسائل کو شیئر کیا۔
اس کے علاوہ ضلعی اور مقامی سطح پر بہترین تعلیمی پالیسیزز کے نفاذ میں حائل مسائل کو زیر بحث لایا گیا ۔ ضلع کے تعلیمی نقشہ کو متعارف کراتے ہوئے ضلع میں گورنمنٹ سکولز کی کل تعداد ، استاتذہ کی کل تعداد ،داخل بچوں کی کل تعداد کا جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ ضلع جہلم میں موجود سکولوں کے تعلیمی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ بہت سارے ایسے سکول ہیں جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جیسے 2 سکول پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ۔ اسی طرح تعلیمی معیار بھی بہت نیچے ہیں تیسری کلاس کے 81.5 فیصد بچے اردو کا ایک جملہ نہیں پڑھ سکتے ، 56.2 فیصد بچے انگریزی کا لفظ نہیں پڑھ سکتے اور 35.7 فیصد بچے تفریق کا ایک سوال بھی نہیں حل کر سکتے۔جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔
اس کے بعد ضلع کے بجٹ کو بھی زیر بحث لایا گیا کہ کل بجٹ 8.1 ارب روپے ہے جس سے بمشکل اخراجات پورے ہوتے ہیں ۔ سیشن کے آخر میں سرکاری سکولوں میں طلباء اور اساتذہ کے تناسب کا جائزہ لیا گیا اور یہ بتایا گیا کہ ضلع میں 212 سکول ایسے ہیں جہاں 20 یا اس سے کم بچوں کے لیے 1 استاد متعین کیا گیا ہے جو کہ وسائل کے ضیاع کے مترادف ہے اس کے علاوہ 75 ایسے سکول ہیں جہاں 100 سے زائد طلبا کو صرف 1 استاد میسر ہے جو کہ توجہ طلب بات ہے۔ ضلع میں طلباء اور اساتذہ کے توازن کو موزوں بنانے کی اشد ضرورت ہے اسی طرح سرکاری سکولوں میں طلباء و کمرہ جماعت کے تناسب میں بھی درستگی کی ضرورت ہے اعداد و شمار کے مطابق بہت سے سکول ایسے ہیں جہاں 100 سے زائد طلبا کے لیے صرف 1 کمرہ جماعت ہے ۔
سیشن کا اختتام اس بات پر کیا گیا کہ بیان کیے گئے تمام مسائل توجہ طلب ہے۔ سماجی تنظیموں ، عوامی نمائندگان ،مقامی کمیونٹی ، سیاسی قیادت ، اور دیگر با اثر شخصیات کو چاہیے کہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ممکنہ حد تک حل کرنے کی کوشش کریں تا کہ طلباء با آسانی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں ۔
صاف پانی ، بیت الخلا، چار دیواری اور بجلی کی سہولیات ،نیز مختلف وجوہات کی بناء پر بہت سارے بچے سکول نہیں جا سکتے۔اور اگر چلے بھی جائیں تو ان میں سے کچھ پرائمری اور مڈل سطح تک ہی تعلیم حاصل کر پاتے ہیں۔اور سکول چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ میٹرک تک پہنچتے پہنچتے سکول جانے والے بچوں کی تعداد بہت کم رہ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی معیار کو کس طرح بہتر بنایا جائے اس موضوع پر بھرپور طریقے سے ڈسکشن کی گئی
پروگرام کے اختتام پر سول سوسائٹی ممبران نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ جو ذمہ داریاں جو کہ اج کی ہمیں میٹنگ میں بتائی گئی ہیں۔ ہم ان پر بھرپور طریقے سے کام کریں گے۔جس کے بعد یہ پروگرام اختتام پذیر ہو گیا۔
