وزیرآباد:(نامہ نگار) چوہدری پرویز الہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید تکنیک سے بغیر آپریشن دل کے والو کی تبدیلی “TAVR procdure”کا کامیاب تجربہ ،مہنگے ترین طریقہ علاج سے امراض قلب کے مریضوں کو اب پنجاب حکومت کی جانب سے چوہدری پرویز الہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مفت سہولت دستیاب ہو گی ،انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد پاکستان کے بغیر آپریشن والو کی تبدیلی کرنے والے اسپتالوں کی فہرست میں شامل ہوگیا
معروف کارڈیک فزیشن و ہیڈ آف انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر عبدالستار نے اس موقع پر اپنی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ صحافیوں کو گفتگو کرتے ہوے بتایا کہ بغیر آپریشن والو کی تبدیلی” TAVR procdure”انتہائی مہنگا طریقہ علاج ہے جس پر کم و بیش 40 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ ہوتی ہے لیکن پنجاب حکومت کی جانب سے چوہدری پرویز الہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں یہ سہولت مریضوں کو بالکل مفت دستیاب ہوگی انہوں نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب کے مریضوں کو انجیو گرافی ،انجیو پلاسٹی سے لے کر دل کے بائی پاس تک بالکل مفت ہو رہے ہیں جبکہ ایمرجنسی میں دل کے دورہ کے دوران کی جانے والی پرائمری انجیو پلاسٹی کا علاج 24 گھنٹے دستیاب ہے انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری پرویز الہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد میں گوجرانوالہ ریجن ، آزاد کشمیر، اور پنجاب کے کئی ایک اضلاع سے امراض قلب کے مریض علاج سے استفادہ کر رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کی سینئرز ڈاکٹرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی کی جانے والی نشستوں سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف کی نشستوں پر بھرتی کر کے اسپتال کو مزید بہتر کیا جاسکتا ہے جس کے لیے پنجاب حکومت اور اسپیشلائز ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو اس پر کام کرنے کی درخواست ہے ۔
