وزیرآباد(طارق جاوید ملک)وزیرآبادسے محلقہ دریاۓ چناب میں بغیر لاٸف جیکٹ کے کشتی رانی کی سیر۔پابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔انتظامیہ نے پراسرار خاموش تماشاٸی کا کردار اداکیا۔ عوامی سماجی حلقوں کا اظہار تشویش۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل علی پور چٹھہ کے علاقہ دریاۓ چناب کے ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد کے مقام پر عید کے تینوں روز غیر قانونی طریقے سے شہریوں کو بغیر لاٸف جیکٹ کے کشتی رانی کی سیر کرواتے رہے۔ کشتی رانی مالکان نے مبینہ طور پر انتظامیہ کے ساتھ ملی بھگت کر رکھی ہے۔ دریاۓ چناب میں پانی لیول کے باعث بچے، جوان، مرد و خواتین کو لاٸف جیکٹ اور حفاظتی اقدامات کے بغیر ہی کشتی رانی کے جان لیوا منظر دیکھے گٸے ہیں۔جوکہ کسی بھی بڑے جانی نقصان کا باعث بن سکتا تھا۔مگر انتظامیہ نے پر اسرار طور پر مبینہ مک مکا کے تحت آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور کسی بھی قسم کی کارواٸی سے گریزاں رہے۔ جبکہ با اثر مافیا دیدہ دلیری سے انسانی جانوں کو خطرات میں ڈالا کر شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل رہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ دریائے چناب پرعلی پورچٹھہ سے نزدیک تین بیراج ہیڈ قادر آباد، ہیڈ خانکی اور ہیڈ ساگر واقع ہیں یہاں عید کے روز شہریوں نے بڑی تعداد کا رخ کیا کھانے پینے کے ٹھیلے اور موج مستی کا سماں رہا۔ دودراز گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد منڈی بہاولدین و دیگر شہروں سے لوگ یہاں آتے ہیں ستم ظریفی یہ ہے کہ پلاسٹک بیگ، شاپر خالی بوتلوں کو سرعام پھینک کر ان کی خوبصورتی کو خراب کیا جاتا ہے۔بعض اوقات انہیں پانی میں بھی پھینک دیا جاتا ہے جوکہ آبی جانوروں کے لئے مضر ہوتے ہیں۔ علی پور چٹھہ کے عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری، کمشنر گوجرانوالہ پر زور دیا ہے کہ نااہل انتظامیہ کے خلاف سخت تادیبی کارواٸی کی جاۓ اور بغیر حفاظتی اقدامات کے کشتی رانی کی سیر پر پابندی لگاٸی جاۓ۔
