ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف)اسسٹنٹ کمشنر وحید حسن گوندل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کا اچانک دورہ کیا اور مفت ادویات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ مریضوں کو دستیاب دیگر طبی سہولتوں کا بھی بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر وحید حسن گوندل نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ ڈور اور ادویات کی فراہمی کے کاؤنٹر سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فرداً فرداً بات چیت کی اور اُن سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور موقع پر متعلقہ افسران کو احکامات بھی جاری کیے۔اسسٹنٹ کمشنر وحید حسن گوندل نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے۔ دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر وحید حسن گوندل نے گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائی سکول کے امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور امتحانی عمل کی نگرانی، شفافیت اور طلبا کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے امتحانی مرکز میں موجود سہولیات جیسے پنکھوں، پانی، روشنی اور صفائی کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا تاہم بعض پہلوؤں پر مزید بہتری کے احکامات بھی جاری کیے۔انہوں نے واضح کیاکہ حکومت تعلیمی میدان میں شفافیت کو اولین ترجیح دے رہی ہے لہذا تمام امتحانی عملہ اپنے فرائض فرائض ایمانداری سے سرانجام دے تا کہ امتحانی عمل کسی رکاوٹ کے بغیر مکمل ہواور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا احتمال نہ رہے ۔
