وزیر آباد (طارق جاوید ملک) وزیر آباد اور گردونواح کے قصبات میں ملاوٹ شدہ اور کیمیکل زدہ دودھ کی فروخت عروج پر پہنچ گئی، خالص دودھ خریدنا شہریوں کے لئے محال ہو گیا جس کی وجہ سے شہری طرح طرح کی امراض میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں پہنچنے لگے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ناقص اور مضر صحت دودھ کے مذموم دھندے کے روکنے میں ناکام ہوگئی۔ وزیر آباد اور گردونواح کے قصبات میں عرصہ دراز سے گوالے اور دودھ فروخت کرنے والے دوکاندار دودھ میں مختلف کیمیکل اور ایسنس ملا کر شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ گوالے اور دکاندار صبح مضافاتی دیہاتوں سے جو دودھ لیکر آتے ہیں وہ اس سے پہلے تو کریم نکلواتے ہیں پھر اس میں مختلف کیمیکل ملا کر اسکی مقدار کو زیادہ بنا لیتے ہیں اسکے علاوہ رنگوں کی دکانوں سے بھی یہ دودھ کی مقدار کو بڑھانے والے کیمیکل عام فروخت کئے جارہے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر آباد اور گردونواح کے قصبات میں مضر صحت دودھ کی فروخت کا سخت نوٹس لیکر اس مذموم دھندے کو روکا جائے۔
