ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں پرائس کنٹرول کے اقدامات، مارکیٹ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کی نگرانی، عوامی شکایات کا ازالہ اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل اور اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب سمیت تمام پرائس مجسٹریٹس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمودنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پرائس مجسٹریٹس کو اپنی ذمہ داریاں نہایت سنجیدگی اور دیانت داری سے ادا کرنا ہوں گی۔انہوں نے تمام مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں، نرخ ناموں کی دستیابی اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پچھلے ہفتے کے دوران ضلع بھر میں 42 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں جس دوران اوورچارجنگ پر 3 لاکھ 24 ہزار روپے جرمانہ،4 ایف آئی ارز کا اندراج اور 181 افراد کو گرفتار کروایا گیا۔ ڈپٹی کمشنرشاہد محمود نے واضح کیا کہ گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مجسٹریٹس کی کارکردگی کی نگرانی باقاعدگی سے جاری رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ دیگر اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ گوشت،سبزی،فروٹ اور روٹی و نان کی قیمتوں پر بھی خصوصی نظر رکھی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں