چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈئر(ر) بابر علاؤ الدین کا چیچہ وطنی کا دورہ

Spread the love

ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈئر(ر) بابر علاؤ الدین کا چیچہ وطنی کا دورہ، چک 84/12Lنوے موڑ کے اہل علاقہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور میرٹ پر حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی نرجس جعفری،ڈی ایس پی سرکل چیچہ وطنی تاثیر ریاض چیمہ سمیت ہائی وے، لوکل گورنمنٹ، ریونیو سمیت تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بر گیڈئیر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنا پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی بھلائی اور دوررس اصلاحات کے لئے کوشاں ہیں اور ان کا ویژن ہے کہ عوام کوگھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ کے تمام اضلاع کے دورے کر رہا ہوں اور ہر ضلع میں کھلی کچہری لگا کر براہ راست عوام سے ملاقات کررہا ہوں تاکہ ضلع میں گورننس کی صورتحال بارے معلومات حاصل ہو سکیں۔علاقہ مکینوں نے سکول، قبرستان کی چاردیواری، واٹرفلٹریشن پلانٹ، یونین کونسل، تھانے اور ہسپتال کے حوالے سے مسائل بارے آگاہ کیا جنہیں فوری حل کرنے کے لئے احکامات جاری کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع میں سالڈ ویسٹ کمپنیوں کا قیام اور تمام شہروں کے ساتھ لینڈ فل سائٹس قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی سطح پر صفائی کا نظام رائج کیا جائے گا۔ برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے بتایا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ گھروں کے نزدیک علاج میسر آئے۔ پولیس کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل اور دفاتروں میں ماتحت عملہ بارے شکایات متعلقہ افسران کو براہ راست پیش ہو کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے ساتھ اپنے رویوں کو بہتر کریں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن پر صوبہ بھر میں میرٹ اور قانون کی بالا دستی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔افسران او رعوام کے درمیان رابطہ جتنا مضبوط ہو گا معاشرے کی اصلاح اور قانون و انصاف کی راہ ہموار ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں