ساہیوال آرٹس کونسل میں محکمہ تعلیم ساہیوال کے اشتراک سے تحصیل سطح پر طالبات کے مابین ایک اہم اور حساس موضوع پر آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا

Spread the love

ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف )ساہیوال آرٹس کونسل میں محکمہ تعلیم ساہیوال کے اشتراک سے تحصیل سطح پر طالبات کے مابین ایک اہم اور حساس موضوع پر آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے کا عنوان ”گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ” تھا، جس کا مقصد بچیوں میں جسمانی خودمختاری اور شعور کو فروغ دینا تھا۔ سرکاری اسکولوں سے تعلق رکھنے والی طالبات نے اس بامقصد پروگرام میں بھرپور حصہ لیا اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے معاشرتی آگاہی کا پیغام دیا۔اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچیوں کو کم عمری سے ہی اپنی جسمانی حدود اور تحفظ سے متعلق آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی و تخلیقی پروگرامز نہ صرف طالبات کی ذہنی نشوونما میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ انہیں خود اعتمادی اور خود حفاظتی شعور بھی فراہم کرتے ہیں۔طالبات نے تصویری خاکوں کے ذریعے نہایت مہارت سے ایسے مناظر تخلیق کئے جن سے واضح پیغام ملتا تھا کہ ”اچھے اور برے لمس” میں کیا فرق ہے اور کس طرح بچیاں کسی غیر مناسب صورتحال میں خود کو محفوظ رکھ سکتی ہیں۔ان مقابلوں میں گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول 82/6-آر کی جماعت ہفتم کی طالبہ علیزہ جمشید نے پہلی، گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول 87/9-ایل کی جماعت ہفتم کی طالبہ عائشہ شہباز نے دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول 53/5-ایل کی جماعت ہشتم کی طالبہ شمیم غلام مصطفیٰ نے تیسری پوزیشن حاصل کی جنہیں شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ فنونِ لطیفہ کے ذریعے معاشرتی موضوعات پر بات کرنا بچوں کی فکری اور شعوری تربیت کے لیے مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے اقدامات نہ صرف بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ ان میں اعتماد اور احساسِ ذمہ داری بھی پیدا کرتے ہیں۔تقریب میں محکمہ تعلیم کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈی ای او مسز وحید اختر،ڈپٹی ڈی ای او رازیہ نذیر،ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری عظمیٰ مزل، محمد بنیامین، آمنہ قندیل اور رقیہ ذاکر نے بھی شرکت کی۔والدین اور اساتذہ نے اس پروگرام کو سراہتے ہوئے حکومتِ پنجاب اور محکمہ تعلیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طالبات کو ایک بامقصد، تخلیقی اور تربیتی موقع فراہم کیا جو اُن کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں