ساہیوال(چوہدری آصف ندیم آرائیں ڈویزنل بیورو چیف)یومِ مزدور کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام ‘پنجاب کی ترقی میں محنت کشوں کا کردار’کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد شاہد ملک تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزدور طبقہ معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک وہ اپنے محنت کشوں کو عزت اور حقوق نہ دے۔محمد شاہد ملک نے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتِ پنجاب کی جاری کاوشوں کو سراہا، جن میں اُن کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف سماجی اور معاشی اصلاحات کا نفاذ شامل ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے محنت کشوں کی فلاح کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا وژن بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ہر طبقے خاص طور پر مزدور طبقے کے لیے خصوصی حکمت عملی سے ترقی کی منزل کی طرف گامزن ہے۔مزدوروں کے سماجی حقوق اور اجرت کے حوالے سے مسائل کو حل کرنے کے لے کوشاں ہے۔ محمد ارشد ملک نے یومِ مزدور کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور محنت کشوں کی قومی ترقی میں خدمات کو سراہا۔سیمینار میں مزدورں نے خاص طور پر شرکت کی اور حکومت پنجاب کی مزدور دوست پالیسیوں کا اعتراف کیا۔ ساہیوال آرٹس کونسل کی کاوش سے منعقدہ یہ سیمینار محنت کش طبقے کی عزت، حقوق اور فلاح کے عزم کی تجدید کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
