مون سون کے سیزن کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے

Spread the love

جہلم ( بلال رضا ) مون سون کے سیزن کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں فلڈ کنٹرول روم کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ نالوں کی صفائی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے کنوینر انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 نے بتائی۔ آئندہ موسم برسات میں متوقع بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا خصوصی اجلاس ڈی سی جہلم میثم عباس کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں ریسکیو 1122 ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میونسپل افسران محکمہ ہائی وے محکمہ پولیس محکمہ تعلیم محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی. اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم میں 15 جون سے فلڈ کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے منگلا ڈیم سے پانی کے اخراج پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ میونسپل افسران نے اجلاس کو بتایا کہ موسم برسات سے قبل تمام بڑے نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ بارشوں کی صورت میں اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنی رپورٹ میں اجلاس کو بتایا کہ تمام ضروری آلات کی انسپیکشن مکمل کر لی گئی ہے اور تمام آلات مکمل طور پر متحرک حالت میں موجود ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں استعمال میں لائے جا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی شدید بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر تمام محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر پلان کو بھی مکمل کر کے حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ متوقع شدید بارشوں کے سیزن کے پیش نظر تمام محکمے اپنی تیاریاں مکمل کریں شہریوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کریں اور پانی کی نکاسی کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو بروقت ختم کر کے نکاسی آب کو یقینی بنائیں تاکہ بارشی سیزن میں شہریوں کے روزمرہ کے معاملات میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں