دینہ(سہیل انجم قریشی سے) شجرکاری یا شجر کُشی؟” ایک طرف حکومت پنجاب کی شجرکاری مہم، دوسری طرف دینہ میں قدآور درختوں کی بے دردی سے کٹائی، شہریوں میں شدید تشویش، ایک جانب حکومت پنجاب کی جانب سے موسم برسات کی شجرکاری مہم 2025 کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ضلع جہلم میں چار لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، وہیں تحصیل دینہ کے جی ٹی روڈ پر درختوں کی بے دردی سے کٹائی نے اس مہم پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی نے ڈی سی آفس جہلم میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔مشیر صحت پنجاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا لگایا گیا پودا ہماری آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ نہ صرف پودا لگائے بلکہ اس کی اپنے بچوں کی طرح پرورش بھی کرے۔”تاہم دینہ میں صورتحال اس دعوے کے برعکس دکھائی دے رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ پر گرین بیلٹ میں موجود قدآور اور سایہ دار درخت، جو کئی سالوں کی محنت اور ماحول دوست حکمت عملی کا نتیجہ تھے، انہیں صرف اس وجہ سے کاٹا جا رہا ہے تاکہ تشہیری بورڈ نمایاں نظر آ سکیں۔شہریوں نے اس رویے کو “ماحولیاتی منافقت” قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیہ دینہ کے ملوث آفسران اور متعلقہ ٹھیکے داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور کٹے گئے درختوں کے متبادل کے طور پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے۔
