پنڈ دادن خان (بیورو چیف ملک ظہیر اعوان)
پنڈ دادن خان کے شہرللہ شریف میں للہ خوشاب روڈ کے دونوں اطراف ناقص منصوبہ بندی کے تحت بنائے گئے نکاسی آب کے نالے مقامی آبادی کی مشکلات میں اضافے کا موجب بن چکے ہیں ۔ نالے کی تعمیر میں ناقص منصوبہ بندی، بغیر سروے اور لیولنگ کے کام نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔
بارش کے دوران نالے میں پانی جمع ہو کر اوور فلو ہونے لگتا ہے، جو آس پاس کے گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ کئی گھروں کی دیواریں اور گیٹ پانی کے دباؤ سے گر چکے ہیں۔ علاقے میں ایک مقام پر پانی نے گندے جوہڑ کی شکل اختیار کر لی ہے جہاں مچھروں کی بھرمار نے ملیریا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کو جنم دے دیا ہے۔
للہ خوشاب روڈ کے دونوں اطراف کاروباری حضرات سخت پریشان ہیں نالے کو کور نہیں کیا گیا، جس سے دکانوں کے سامنے گندگی، بدبو اور حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کے سامنے نالے کی حالت مریضوں اور لواحقین کے لیے سخت پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ علاقہ عوام نے انکشاف کیا ہے کہ نالے کی تعمیر سے قبل موجود پختہ نالے کو توڑ کر اس کی اینٹیں لاکھوں روپے میں بیچ دی گئیں، اور بغیر کسی انجینئرنگ پلان کے نیا نالہ تعمیر کر دیا گیا، جس میں نکاسی کا کوئی مؤثر بندوبست نظر نہیں آتا۔
نالے میں جانوروں کے گرنے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، اور شہریوں کو اپنے بچوں کی حفاظت کا بھی شدید خدشہ لاحق ہے۔ للہ شریف کے عوام کا مطالبہ ہے کہ نالے کی درستگی، کورنگ، نکاسی کے مناسب انتظام اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بڑے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
