) ضلع جہلم میں نان فارمل ایجوکیشن کے تحت چلنے والے اسکولوں میں جشنِ آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں

Spread the love


جہلم ( بلال رضا ) ضلع جہلم میں نان فارمل ایجوکیشن کے تحت چلنے والے اسکولوں میں جشنِ آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریب تحصیل دینہ کے غازی ٹاؤن میں واقع نان فارمل اسکول میں منعقد ہوئی، جو لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور مختلف این جی اوز کے باہمی تعاون سے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی محترمہ میمونہ انجم کی زیرِ نگرانی ترتیب دی گئی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر دینہ، محترمہ صفا عابد تھیں، جبکہ صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، خضر حیات خان نے کی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیا (چیئرمین نور ویلفیئر سوسائٹی)، سماجی کارکن محترمہ مومنہ مہرو گوندل، القاسم انسٹیٹیوٹ دینہ کے ڈائریکٹر بلال حسین، اساتذہ، والدین، لٹریسی اسٹاف اور طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ بچوں نے اعتماد، جذبے اور مہارت کے ساتھ اپنی پرفارمنس پیش کی، جو اُنہیں فراہم کی جانے والی مؤثر تربیت کا واضح مظہر تھی۔ ان کی کارکردگی نان فارمل ایجوکیشن سسٹم کی کامیابی کا عملی ثبوت بنی۔
تقریب کے دوران ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیا کی جانب سے شجرکاری مہم کے تحت طلبہ میں پودے تقسیم کیے گئے تاکہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس پروگرام کو ایک بامقصد، کامیاب اور خوش آئند اقدام قرار دیا، جو لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور این جی اوز کے باہمی تعاون کا نتیجہ تھا اور بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں