مانچسٹر(سٹی رپورٹر) پاکستان کے معروف اینکر پرسن عمران ریاض کی جانب سے مانچسٹر کے ریسٹورنٹ میں سیلاب متاثرین کے لئے فنڈ ریزنگ تقریب ہوئی جس میں اینکر پرسن صابر شاکر، بلال غفور، آصف بٹ سمیت کاروباری شخصیات اور کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔عمران ریاض خان نے کہا کہ انھوں نے گزشتہ سیلاب کے دوران متاثرہ علاقوں میں دو ہزار سے زائد گھر بنوائے، خیمہ بستیاں قائم اور امدادی سامان کے لئے ریلیف کیمپ لگائے۔وہ دن یاد کرکے بہت اچھا وقت گزرتا ہے، سیلاب زدگان کی امداد گولڈن ٹائم تھا، پاکستان میں میرے والد امدادی کام کررہے ہیں، سیلاب متاثرین غریب لوگ نہیں ، زمیندار لوگ ہیں، ان کے مال مویشی اور اناج سیلاب میں بہہ گیا ہے، سیلاب متاثرین مصیبت میں ہیں، موجودہ سیلاب حکومتی بدانتظامی کا نتیجہ ہے، متاثرین کے لئے ہم سب مل کر امدادی کام کریں گے اور ہم سیلاب زدگان کی امداد کریں گے۔ امدادی سامان کی تقسیم مریم نواز کی تصویر کے بغیر ہوگی، کسی کی سیاسی خواہش پوری نہیں ہوگی، ہم ہر امدادی سامان میں قائداعظم کی فوٹو لگائیں گے، جس نے وہ تصویر اتاری اس کی نسلوں کا تعاقب کریں گے اور انھیں بھرپور جواب دیں گے، میں پاکستان کی بیورو کریسی کو کہنا چاہتا ہوں کہ جس اے سی اور ڈی سی نے قائداعظم کی تصویر اتاری ان کے چہرے یاد رکھیں گے، اس موقع پر تقریب میں شریک افراد نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ہزاروں پونڈ عطیات دئیے۔تقریب کے دوران سیلاب متاثرین کے لئے جمع عطیات ہوپ فار مین کائنڈ اور پروفیشنل ریلیف آرگنائزیشن کو ادا کئے گئے۔ہوپ فار مین کائنڈکے رہنما رضوان علی نے کہا کہ ان کا ادارہ دس برس پہلے قائم ہوا ، یہ ادارہ ان کے خاندان نے شروع کیا، اس وقت پاکستان، شام، غزہ سمیت دیگر ملکوں میں امدادی کام کررہے ہیں۔ہم سیلاب متاثرین کا درد محسوس کرتے ہیں، ایک ایک پائی سیلاب متاثرین تک بھیجیں گے، ہم ہر چیلنج کے لئے تیار ہیں،پروفیشنل ریلیف آرگنائزیشن کے ڈاکٹر محمد اصغر نے کہا کہ وہ پیشہ کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں اور این ایچ ایس میں ملازمت کرتے ہیں، سیلاب متاثرین کے لیے 28ٹن کپڑے اور سامان پاکستان بھیج چکے ہیں، ان کا رحیم یار خان سے آبائی تعلق ہے اور وہاں پرائمری ہیلتھ کئیر کاکام کررہے ہیں،چھ ہزار معذور افراد کو مصنوعی اعضا لگا چکے ہیں، برما میں بھی کام کررہے ہیں، سیلاب متاثرین کے لئے سوفیصد عطیات پاکستان بھیجیں گے، ہم عمران ریاض کے ساتھ ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے طویل وقت درکار ہے۔ آخر میں عمران ریاض اور صابر شاکر نے اپنے ہاتھوں سے عطیات جمع کئے۔
