دینہ (سہیل انجم قریشی سے) وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں دینہ میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ایک پرنور اور روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خوان حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نعت خواں حضرات میں شاہد کریم (نقیب محفل)، شاہ زیب چشتی، محمد علی فیضان اور ناصر سلطانی شامل تھے۔ اس روحانی محفل میں خصوصی خطاب پیر محمد زکریا نعمانی (آستانہ عالیہ ڈھنگروٹ شریف) نے کیا اور اپنے خطاب میں حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور میلاد کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ اس محفل کی کامیاب انعقاد میں خصوصی تعاون حاجی محبوب ارشد نے فراہم کیا، جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے 40 قرآنِ پاک بمعہ ترجمہ (عرفان القرآن) شرکائے محفل میں تقسیم کیے گئے، جس میں خصوصی تعاون چوہدری نثار الحسن (یوکے)، چوہدری محمد ذمان کسانہ (فرانس) اور مس سعیدہ جاوید (بورڈنگ محلہ جہلم) نے کیا۔ اس موقع پر علما کرام نے بھی خصوصی خطابات کیے۔ خطیبوں میں حضرت علامہ مفتی محمد وقاص شاہ کاظمی (خطیب اعظم مرکزی جامع مسجد میلاد چوک دینہ)، قاری محمد آصف، علامہ مفتی تاج نقشبندی (خطیب اعظم مفتیاں دینہ)، قاری عبدالرحمان (وسیلہ اکیڈمی) اور قاری محمد آفتاب (نئی آبادی مفتیاں) شامل تھے۔ علما کرام نے محبت، اتحاد، بھائی چارے اور امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔ چیئرمین وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن سلیم انور کسانہ نے صدائے مسلم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنا اور نوجوان نسل کو ان کی طرف راغب کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اسی مقصد کے تحت عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔”محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، اور شرکائے محفل میں وسیع لنگر تقسیم کیا گیا۔
