وزیرآباد: ہیڈ چھناواں پل خستہ حالی کا شکار۔ حادثات معمول بن گئے، فوری تعمیر کا مطالبہ۔ علی پور چٹھہ کے نواحی علاقے ہیڈ چھناواں پل کی خستہ حالی شہریوں اور مسافروں کے لیے مسلسل خطرہ بن گئی ہے۔ گزشتہ روز ایک ہیوی ڈمپر پل کے کنارے پھنس کر الٹ گیا، جس سے ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہیڈ چھناواں پل انگریز دور میں تعمیر کیا گیا تھا جب ہیڈ خانکی سے نہر لوئر چناب نکالی گئی۔ یہ پل اپنی سو سال سے زائد عمر پوری کر چکا ہے اور اب انتہائی بوسیدہ حالت میں ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور گاڑیوں کے دباؤ نے اس کی کمزوریوں کو مزید واضح کر دیا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق یہ پل علی پور چٹھہ اور گردونواح کے علاقوں کو جوڑنے والا واحد راستہ ہے جس پر سے روزانہ درجنوں بھاری گاڑیاں، مسافر بسیں اور الیکٹرک بسیں گزرتی ہیں۔یہاں یہ امرقابل زکر ہے کہ نئی الیکٹرک بسیں سڑک کی حالت ابتر ہونے سے بسوں کا کباڑہ بننے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پل کی ٹوٹی پھوٹی سڑک اور کمزور کنارے حادثات کا باعث بن رہے ہیں اور شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو کسی بڑے سانحے کا خطرہ ہے۔اہلِ علاقہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیڈ چھناواں پل کی فوری ازسرِنو تعمیر کی جائے تاکہ عوام کو سفری مشکلات اور ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
