18 سالہ لاپتہ عبداللہ الرحمن کے قتل کا انکشاف

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) 18 سالہ لاپتہ عبداللہ الرحمن کے قتل کا انکشاف۔ حافظ آباد کے علاقے میں نہر سے ملی لاش کو امانتاً دفنا دیا گیا۔ اہلِ علاقہ کا شدید احتجاج۔علی پور چٹھہ میں 18 سالہ نوجوان عبداللہ الرحمن کی گمشدگی کے بعد دل خراش انکشاف سامنے آیا ہے کہ حافظ آباد کے علاقے سے برآمد ہونے والی نامعلوم لاش اسی نوجوان کی ہوسکتی ہے جسے مقامی انتظامیہ نے امانتاً دفنا دیا تھا۔ اب قبر کشائی کے بعد ہی اصل حقیقت سامنے آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق کالج روڈ علی پور چٹھہ کا رہائشی عنصر اقبال جو ایک ہاتھ سے معذور اور آٹھ بچوں کا باپ ہے۔نے اپنے بیٹے عبداللہ الرحمن کو روزگار کے لیے چاند گاڑی رکشہ دیا تھا تاکہ وہ گھر کے اخراجات میں ہاتھ بٹا سکے۔ 22 تاریخ کو عبداللہ کو مدینہ چوک سے نامعلوم شخص حافظ آباد روڈ کی جانب لے گیا جس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔ چار روز بعد اسی رکشے کو ایک مشتبہ شخص امانت علی شو روم پر فروخت کے لیے لے آیا، جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔ تاہم دورانِ تفتیش ملزم بار بار اپنے بیانات بدلتا رہا اور کوئی واضح سراغ نہ دے سکا۔ گزشتہ روز اطلاع ملی کہ حافظ آباد کے قریب نہر سے ایک نامعلوم لاش ملی تھی جسے امانتاً دفنا دیا گیا ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ لاش عبداللہ الرحمن کی ہے۔یہ خبر سنتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا ماں اور بہنوں پر غشی کے دورے پڑ گئے جبکہ اہلِ علاقہ اور لواحقین نے تھانہ علی پور چٹھہ کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پولیس پر مبینہ مک مکا اور غفلت کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اپنے طور پر تلاش کرتے رہے، مگر پولیس نے کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کیا۔ احتجاج کے دوران حلقہ ایم پی اے عدنان افضل چٹھہ اور لیگی رہنما بلال فاروق تارڑ موقع پر پہنچے اور ورثاء کو یقین دہانی کروائی کہ قبر کشائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کی جائے گی اور ملزم کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔ مظاہرین نے یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا، تاہم فضا میں غم، بے بسی اور درد کی گہری چھاپ باقی رہی۔ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل پرسوز تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں