وزیرآباد: الائیڈ سکول ولی تہور کیمپس علی پور چٹھہ میں پنجاب کلچر ڈے بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ بچوں نے روایتی لباس زیبِ تن کیا۔ سکول کی عمارت کو دیسی ثقافت کے رنگوں سے سجا دیا گیا، جبکہ والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تفصیلات کے مطابق الائیڈ سکول ولی تہور کیمپس علی پور چٹھہ میں منعقدہ کلچر ڈے کی تقریب میں پنجاب کی روایتی ثقافت، اقدار اور طرزِ زندگی کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی خاکے، ماڈلز، اور اسٹالز لگائے گئے۔ بچوں نے روایتی پنجابی ملبوسات پہنے، دیسی کھانوں، گاؤں کے ماحول، اور لوک ورثے کی جھلکیاں پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سکول رانا مستنصر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد نئی نسل کو اپنی ثقافت، تہذیب، اور پنجاب کی روایات سے روشناس کروانا ہے۔ کامیاب قومیں ہمیشہ اپنی شناخت اور ثقافتی ورثے کو زندہ رکھتی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ بچوں میں اپنی مٹی، اپنی زبان اور اپنی تہذیب سے محبت کا جذبہ پیدا کریں، تاکہ وہ ترقی کرتے ہوئے بھی اپنی جڑوں سے وابستہ رہیں۔ تقریب میں اساتذہ، والدین، اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ جبکہ آخر میں شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ بچوں نے روایتی گیتوں، مکالموں اور خاکوں کے ذریعے پنجاب کے کلچر کو دلکش انداز میں پیش کیا جسے دیکھ کر حاضرین نے انہیں خوب داد دی۔ عوامی و تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نئی نسل میں قومی یکجہتی، ثقافتی آگاہی، اور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔
