مولانا ظفر علی خان کی علمی قابلیت ،شاعری،خطابت ، اور طرز صحافت سے تحریک آزادی پاکستان کو نئی زندگی ملی

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار)مولانا ظفر علی خان کی علمی قابلیت ،شاعری،خطابت ، اور طرز صحافت سے تحریک آزادی پاکستان کو نئی زندگی ملی انہوں نے زمیندار اخبار کو سامراج کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا اور اس وقت صحافت و خطابت سے برصغیر کے مسلمانوں کی نمائندگی کی جس وقت ہندو اخبارات برصغیر میں چھائے ہوے تھے ان خیالات کا اظہار محترمہ ریحانہ خاتون (پوتی) بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان نے بابائے صحافت کی 69 ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد کی جانب سے رکھی گئی تقریب میں خطاب کرتے ہوے کیا انہوں نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان کی آدھی سے زائد زندگی صعوبتوں میں گذری لیکن پابندیاں اور رکاوٹیں ان کے عزم کو متزلزل نہ کر سکیں ایم پی اے وقار احمد چیمہ نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان کی زندگی ان کا انداز صحافت ،شاعری اور نثر نگاری دور حاضر کے صحافیوں اور ادب و سیاست سے جڑے افراد کے لیے مشعل راہ ہے انہوں نے کہا کہ اہل وزیرآباد کے لیے یہ اعزاز ہے بابائے صحافت وزیرآباد کی جنم بھومی بھی یہاں اور ان کی آخری آرام گاہ بھی اسی شہر میں ہے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیر زادہ نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ وزیرآباد مردم خیز خطہ ہے یہاں سے مولانا ظفر علی خان جیسی شخصیات نے ملک و قوم کی نمائندگی کی اور اس دور میں بے باک صحافت کی جس دور میں حق گوئی ایک جرم تھا مولانا ظفر علی خان کی تحریروں اور ان کے اخبار زمیندار نے اسلامیان ہند کا مقدمہ لڑا مسلم ہینڈز کے کنٹری ہیڈ سید ضیاء النور نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان نہ صرف صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہیں بلکہ ان کی تحریریں اور شاعری ہر دور کے ادب سے وابستہ افراد کے لیے راہنمائی فراہم کرتی ہے تقریب سے سابق چیئرمین بلدیہ وزیرآباد بابو شعیب ادریس ،سابق چیئرمین کٹلری ایسوسی ایشن شکیل اعظم،وائس چیئرمین کٹلری ایسوسی ایشن الیاس خان معروف کاروباری شخصیت میر تیمور ارشد ،پروفیسر حافظ منیر احمد ، صدر بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد افتخار احمد بٹ ،صابر حسین بٹ،اویس جاوید بھٹہ ،میاں شہباز احمد ،سید ضمیر کاظمی ،کاشف محمود خاں, صوفی محمد اشرف نثار نے بھی خطاب کیا اور مولانا ظفر علی خان کی علمی ادبی اور ملی خدمات پر روشنی ڈالی تقریب کے اختتام پر وزیرآباد کی علمی و ادبی شخصیات کو بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد کی جانب سے اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں