جدید دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہنر مند افراد کو میدان میں اتارنے کی ضرورت ہے

Spread the love

وزیر آباد (طارق جاوید ملک بیورو چیف ) جدید دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہنر مند افراد کو میدان میں اتارنے کی ضرورت ہے ۔ معاشرے کے ضرورت مند طبقات کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لئے فنی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبید رحمت نے مسلم ھینڈز ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر سے ڈپلومہ مکمل کرنے والے افراد وخواتین میں ٹول کٹس اور ڈپلومے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مسلم ھینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاء النور نے اپنے خطاب میں کہا کہ فنی تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مسلم ہینڈز امدادی پروگرام کے تحت فنی آ لات فراہم کرتی ہے۔ ایریا مینجر رانا عمر فاروق،لائیولی ھڈ آفیسر سردار شمس الرحمٰن ،پرنسپل محمد یوسف اور ایڈمن آفیسر محمد ندیم سجاد نے بتایا کہ مسلم ھینڈز کے ادارے سے 26 سال میں 15ہزار سے گریجویٹس ٹریننگ مکمل کر کے ملک بھر اور بیرون ملک کے اداروں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ سے الحاق شدہ واحد فلاحی ادارہ ہونے کی بناء پر تربیت یافتہ سٹوڈنٹس کو بورڈ کے تصدیقی ڈپلومے بھی دئے جاتے ہیں تاکہ وہ عملی میدان میں باوقار انداز اختیار کر سکیں۔ اس موقع پر الیکٹریشن،بیوٹیشن اور فیشن ڈیزائننگ کے شعبہ میں حالیہ سیشن میں امتیازی پوزیشن کے حامل اور مستحق نوجوانوں اور خواتین میں تکنیکی سامان کے باکس اور سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں