وزیرآباد(نامہ نگار)یونیورسٹی آف چناب میں آج بروزسوموارکوویمن وائلنس ڈے کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں خواتین کے خلاف تشدد کے تدارک اور سماجی شعور کی بیداری کے حوالے سے مختلف علمی و آگاہی سیشن منعقد ہوں گے۔ اس موقع کی مناسبت سے معروف سیاسی و سماجی رہنما محترمہ سیدہ نوشین افتخار، رکنِ قومی اسمبلی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گی۔تقریب کا اہتمام آفس آف اسٹوڈنٹ افیئرز اورلاء ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل میں خواتین کے حقوق، ان کے تحفظ اور معاشرتی مساوات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پروگرام میں جامعہ کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کرے گی جبکہ مہمان مقررین خواتین کے خلاف تشدد کی وجوہات، اقسام اور اس کے سدباب کے عملی اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔یونیورسٹی ترجمان نے کہا کہ یہ دن نہ صرف آگاہی کا موقع ہے بلکہ معاشرے کو یہ یاد دلانے کا بھی لمحہ ہے کہ خواتین کے احترام اور ان کے حقوق کا تحفظ ایک مہذب معاشرے کی بنیادی شرط ہے۔تقریب کے اختتام پر طلبہ کی جانب سے ویمن پروٹیکشن واک بھی منعقد کی جائے گی، جس میں خواتین سے اظہارِ یکجہتی اور تشدد کے خلاف معاشرتی جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
