نواحی علاقہ علی پور چٹھہ میں غیرمعیاری اور بیمار برائلر مرغی کی فروخت نے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا

Spread the love

وزیرآباد ( حکیم رفعت نسیم سے)
نواحی علاقہ علی پور چٹھہ میں غیرمعیاری اور بیمار برائلر مرغی کی فروخت نے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کی بے عملی نے صورتحال مزید تشویشناک بنا دی ہے۔ دکانداروں اور عوام نے انتظامیہ سے فی الفور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں 45 سے 50 دن کی صحت مند مرغی تو مقررہ ریٹ پر دستیاب ہے مگر 25 سے 32 دن کی کمزور یا بیمار مرغی آدھی قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔ فارموں میں بیماری پھیلنے کی صورت میں متاثرہ مرغی کو سستے داموں فروخت کر دیا جاتا ہے، جسے بعض دکاندار علی پور چٹھہ میں لا کر کم ریٹ پر بیچ رہے ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف عوام کی صحت داؤ پر لگ رہی ہے بلکہ مارکیٹ کا توازن بھی شدید بگڑ گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مونسپل کمیٹی اور مارکیٹ انسپکشن کے ذمہ داروں کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونا تشویش کا باعث ہے، جس سے بیوپاریوں اور حکام کے درمیان ملی بھگت کا شبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔تین سے چار دکانداروں کی جانب سے کم نرخ لگانے کے باعث پورے شہر کے دکاندار پریشان ہیں۔ماہرین کے مطابق شہری مرغی خریدتے وقت اس کا وزن، تازگی، رنگ اور عمر ضرور چیک کریں۔ غیر معمولی کم قیمت پر فروخت ہونے والی مرغی اکثر بیمار یا غیرمعیاری ہوتی ہے جس کے استعمال سے پیٹ، آنتوں اور بخار جیسی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر وزیرآباد اور اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ سے اپیل کی ہے کہ مارکیٹ میں بیمار مرغی کی فروخت روکنے کے لیے فوری چھاپے مارے جائیں۔متعلقہ ویٹرنری افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔عوام کی صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے سخت نگرانی یقینی بنائی جائے۔عوام نے کہا ہے کہ اگر حکومت مؤثر اقدامات کرے تو نہ صرف بیمار مرغی کی فروخت رک سکتی ہے بلکہ شہر میں صحت مند غذائی ماحول بھی قائم ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں