
حکیم رفعت نسیم
ایک عہد، ایک رفاقت وہ وزیرآباد شہر میں زندگی کے ایام گزارنے والا عام سا آدمی نہیں بلکہ اپنے اندر پورا زمانہ لیے پھرتا ہے۔ مگر جو لوگ اسے قریب سے جانتے ہیں، ان کے لیے وہ محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک عہد، ایک مزاج اور ایک رویے کا نام ہے۔ حکیم عنایت اللہ نسیم سوہدروی کے بیٹے ہونے کا اعزاز انہیں وراثت میں ملا، مگر اصل شناخت انہیں اس شہر کی صحافت، دردِ دل اور سچ بولنے کی جسارت نے دی۔ وہ قلم جو جھوٹ کے لیے نہیں اٹھتا، وہ زبان جو مفاد کے لیے نہیں بکتی، وہ کردار جو دباؤ میں نہیں جھکتا یہی حکیم رفعت نسیم کی اصل پہچان ہے۔ میرا اور حکیم صاحب کا تعلق کوئی دفتر یا مفاد کی میز پر پیدا ہونے والی جان پہچان نہیں، یہ 35 سال پرانے سفر کی وہ رفاقت ہے جس میں موسم بدلتے رہے، حالات کروٹیں لیتے رہے، مگر تعلق کا خلوص کم نہ ہوا۔ اور اکثر میرے دکھ سکھ کے ایسے ساتھی کہ جن کے سامنے دل ہلکا بھی ہوتا رہا اور مضبوط بھی۔ زندگی کے جتنے موڑ تھے، ان میں سے بےشمار موڑ میں نے حکیم صاحب کے ساتھ طے کیے۔ اُن کے پاس بیٹھنا محض گپ شپ نہیں تھی، یہ ایک غیر اعلانیہ یونیورسٹی تھی جہاں زندگی، معاشرہ، سیاست، ادب اور انسانیت کے سبق ملتے رہے۔
وزیرآباد کی صحافت میں حکیم رفعت نسیم کا نام نوائے وقت کے ساتھ جڑا تو یہ صرف ایک اخبار کی نمائندگی نہیں تھی بلکہ ذمہ داری کی وہ کہانی تھی جو برسوں پر محیط ہے۔ سحری کے وقت، جب اکثر گھروں میں نیند اور آنکھ کے درمیان جنگ چل رہی ہوتی ہے، اس وقت یہ شخص وزیرآباد کے بس اسٹاپ پر اخبار وصول کرنے کے لیے کھڑا ہوتا تھا۔ نہ گرمی کی لو اسے روک سکی، نہ سردیوں کی کاٹ دار ہوا، نہ بارش کے تھپیڑے اور نہ طوفانی راتوں کی دہشت۔ بس اسٹاپ، سحری کا وقت، اخبارات اور حکیم صاحب یہ چار الفاظ مل کر ایک ایسی تصویر بناتے ہیں جس میں فرض، جذبہ اور استقامت ساتھ نظر آتے ہیں۔اس تصویر کا ایک منظر وہ بھی ہے جو آج تک دل کے پردے پر تازہ ہے سردیوں کی کالی اور کڑکتی رات، طوفانی بارش، اور سحری کے قریب کا سناٹا۔ میں خود حکیم صاحب کو بس سٹاپ پر چھوڑنے گیا، کپڑے بھیگ رہے تھے، ہوا ہڈیوں میں اتر رہی تھی، مگر حکیم صاحب کے چہرے پر ایک عجیب سا سکون تھا – جیسے موسم نہیں، بس ایک ذمہ داری ان کے سامنے کھڑی ہو۔ آج بھی جب وہ اس شب کا ذکر کرتے ہیں، تو یہ صرف یاد نہیں، رفاقت کا تمغہ محسوس ہوتا ہے۔
حکیم رفت نسیم کی کہانی میں ایک باب اُن کی کمزوری اور پھر اُس پر فتح کا بھی ہے۔ وہ ایک زمانے تک چین سموکر تھے؛ سگریٹ اُن کی سانس، محفل، سوچ اور روٹین کا حصہ بن چکی تھی۔ پھر ایک دن فیصلہ ہوا کہ یہ زہر اب زندگی کے سفر کا ہمسفر نہیں رہے گا۔ تگ و دو، سمجھانے، ضد، محبت اور مستقل مزاجی یہ سب ملا کر ایک جنگ لڑی گئی، اور آخرکار حکیم صاحب نے اس موزی اور جان لیوا عادت کو چھوڑ دیا۔ اس جیت میں ان کی اپنی قوتِ ارادی کے ساتھ ساتھ، اس میری دعائیں اور کوششیں بھی شامل تھیں میں انہیں اس دلدل سے نکالنا چاہتا تھا کیونکہ کبھی کبھی انسان کے اندر چھپی روشنی کو جگانے کے لیے باہر سے ایک سچے دوست کی ضرورت پڑتی ہے، اور یہاں وہ نقش بھی پورا ہوا۔حکیم صاحب کا سیاسی ذوق بھی الگ شان رکھتا ہے۔ سیاست میں وہ حامد چٹھہ کے مدار میں گھومنے والے سیارے کی طرح ہیں؛ نظریاتی وابستگی ہو یا شخصی عقیدت، ان کے انداز میں ایک رکھ رکھاؤ اور وضعداری جھلکتی ہے۔
حکیم رفعت نسیم کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ خود تک محدود انسان نہیں، معاشرے کے زخم ان کے اندر تک اترتے ہیں۔ کسی کا دکھ ہو، ناانصافی ہو، سیاست کی بے حسی ہو یا معاشرتی رویوں کی بدصورتی وہ دل سے محسوس کرتے ہیں۔ یہی درد ان کے قلم میں آتا ہے، اور یہی کیفیت ان کی گفتگو میں جھلکتی ہے۔ وزیرآباد کی صحافت میں اُن کا منفرد مقام اسی لیے ہے کہ ان کا قلم صرف خبر نہیں لکھتا، ضمیر کی گواہی بھی دیتا ہے۔
اسی سنگت، انہی راتوں، انہی محفلوں اور انہی مکالموں کا نتیجہ ہے کہ لکھنے کا شوق میرے اندر بھی جاگا۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ جس دل نے حکیم صاحب کی سنگت میں دیکھنا سیکھ لیا ہو، وہ اگر الفاظ میں دنیا کو بیان کرے تو اس میں کم از کم “سچ” ضرور ہوتا ہے۔ اور سچے لفظ کبھی معمولی نہیں ہوتے۔
یہ میرے الفاظ دراصل ایک شکریہ بھی ہے، ایک سلام بھی اور ایک گواہی بھی کہ وزیرآباد میں ایک شخص بستا ہے جو وقت، موسم، ذات، مفاد اور تھکن سے اوپر اٹھ کر جیتا ہے، جس کا نام حکیم رفعت نسیم ہے۔ اور اگر کسی دن تاریخ نے اس شہر کے درد مند لوگوں کی فہرست بنائی تو اس نام کو نظر انداز نہیں کر سکے گی۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو
دعا گو
محمد ندیم بٹ
