کچہری چوک وزیرآباد میں المناک حادثہ، کمسن سائیکل سوار ڈمپر تلے آ کر جاں بحق

Spread the love

وزیرآباد( حکیم رفعت نسجم سے) کچہری چوک وزیرآباد میں المناک حادثہ، کمسن سائیکل سوار ڈمپر تلے آ کر جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق تیز رفتار ڈمپر کے نیچے آ کر ایک نامعلوم 12 سے 13 سالہ سائیکل چلاتا بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقہ میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی جبکہ شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹریفک کی بدترین بدنظمی کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چوکوں اور چوراہوں میں جرمانے اکٹھے کرنے کے بجائے ٹریفک کنٹرول کے لیے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چند روز قبل بھی اوور ہیڈ برج کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہو چکا ہے مگر اس کے باوجود کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ اہل علاقہ کے مطابق لاہوری دروازہ، کچہری چوک، اللہ والا چوک، مولانا ظفر علی خان چوک اور سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، جہاں کوئی ٹریفک اہلکار مستقل تعینات نہیں۔ سارا دن ٹریفک الٹے سیدھے راستوں سے چلتی ہے جس کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی، ٹریفک پولیس کی مؤثر ڈیوٹیاں اور مستقل نگرانی کا نظام قائم کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں