شادی ہالز و مارکیز کی من مانی، شہریوں کا سیالکوٹ روڈ پر بھی کریک ڈاؤن کا مطالبہ

Spread the love

وزیرآباد(حکیم رفعت نسیم سے) شادی ہالز و مارکیز کی من مانی، شہریوں کا سیالکوٹ روڈ پر بھی کریک ڈاؤن کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد شہر اور گردونواح میں قائم بالخصوص سیالکوٹ روڈ پر واقع شادی ہالز اور مارکیز مالکان نے شادی، بیاہ اور دیگر تقریبات کے انعقاد کے نام پر من مانے ریٹس مقرر کر رکھے ہیں، جس کے باعث مجبور والدین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق وزیرآباد میں وصول کیے جانے والے ریٹس نہ صرف حد سے تجاوز کر چکے ہیں بلکہ مبینہ طور پر پاکستان کے کئی بڑے شہروں سے بھی زیادہ ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں شادی جیسے مقدس فریضے کو مارکیز مالکان نے کاروبار بنا لیا ہے، جبکہ حکومتی مشینری اور ضلعی انتظامیہ اس سنگین صورتحال سے مکمل طور پر غافل دکھائی دیتی ہے۔ شکایات کے باوجود نہ ریٹس کی فہرستیں نمایاں کی جا رہی ہیں اور نہ ہی سرکاری طور پر مقرر کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح جی ٹی روڈ پر مختلف تجاوزات اور بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، اسی طرح سیالکوٹ روڈ وزیرآباد پر واقع شادی ہالز اور مارکیز کے خلاف بھی فوری اور سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر کے سرکاری ریٹس نافذ کروائے جائیں تاکہ عوام کو مزید استحصال سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں