وزیرآباد( حکیم رفعت نسیم سے)اپنے ٹارگٹ پورے کرنے کیلئے ہمیں چالان کریں گے تو آپ کو بجلی کے بقایا جات کا بل بھی ادا کرنا ہوگا۔مبینہ طور پر گیپکو ملازمین کا چالان ہونے پر خدمت مرکز وزیرآباد کی بجلی بند ہوگئی، عوام پہلے ہی قطاروں میں خوار ہوتی رہتی ہے۔ خدمت مرکز وزیرآباد میں بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی نہ ہونے کے باعث مختلف سرکاری خدمات معطل رہیں اور دروازے پر نوٹس آویزاں کر کے عوام کو آگاہ کیا گیا کہ بجلی بندش کی وجہ سے سروسز فراہم نہیں کی جا سکتیں۔ اس صورتحال پر مرکز کے باہر شہری سراپا احتجاج بنے رہے۔ذرائع کے مطابق وزیرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے واپڈا کے دو ملازمین کے چالان کیے گئے، جس کے بعد گیپکو اہلکاروں نے مبینہ طور پر ردعمل میں ڈی فیوز کاٹ کر بجلی بند کر دی۔ بعد ازاں انکشاف ہوا کہ خدمت مرکز کو گزشتہ تین سے چار ماہ کے واجب الادا تقریباً 5 لاکھ 40 ہزار روپے کے بجلی بل ادا کرنا پڑے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بھاری جرمانے اور مختلف سروسز فیسیں وصول کرنے کے باوجود خدمت مرکز بنیادی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ دور دراز علاقوں سے ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر خدمات کے لیے آنے والے شہری کئی کئی روز خوار ہوتے ہیں۔شہری حلقوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہی ادارے عوام کو سہولت دینے سے قاصر ہیں تو ’’خدمت‘‘ کے نام کی حقیقت کیا ہے؟ عوامی مطالبہ ہے کہ انتظامیہ اس معاملے کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے تاکہ شہریوں کو حقیقی سہولت میسر آ سکے۔
