وزیرآباد (حکیم رفعت نسیم سے) وزیرآباد شہر اور گردونواح میں نامعلوم ہیکرز کھلم کھلا واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کر کے اہم شخصیات اور عام شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ ہیکرز متاثرہ افراد کے واٹس ایپ نمبرز سے قریبی عزیز و اقارب کو ہنگامی صورتحال کا بہانہ بنا کر پیغامات بھیجتے اور رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس خطرناک اور منظم سائبر کرائم کے خلاف متعدد شہری شکایات درج کروا چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود دھوکہ دہی کا یہ مکروہ دھندہ مسلسل پھیلتا جا رہا ہے۔ کئی افراد اپنے پیاروں کو مشکل میں جان کر رقم بھی ارسال کر بیٹھے، جس سے شہریوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اسی نوعیت کا واقعہ تنظیم تاجراں وزیرآباد کے صدر چوہدری ناصر محمود اللہ والا، سینئر صحافی شکیل اعوان سمیت دیگر معزز شخصیات کے ساتھ بھی پیش آ چکا ہے، جس سے صورتحال کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ شہری، سماجی اور تجارتی حلقوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) سے فوری، سخت اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر سائبر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف عملی اقدامات نہ کیے گئے تو شہریوں کا ڈیجیٹل نظام پر اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
