وزیرآباد(نامہ نگار) جشنِ مولودِ کعبہ، ولادتِ باسعادت حضرت علیؑ المرتضیٰ دامادِ رسول ﷺ نہایت عقیدت، جوش و جذبے اور مذہبی احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مساجد، امام بارگاہوں اور گھروں کو دیدہ زیب برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا جبکہ عقیدت کے اظہار کے لیے مختلف مقامات پر بڑے بڑے کیک کاٹے گئے، امام بارگاہ سادات واسطیان ساڈھورا علی پور چٹھہ میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس سے مولانا نصیر حسین، سید مستجاب زیدی، سید علی انصر زیدی، سید امجد رضا، ذاکر نثار اور سید محسن شیرازی سمیت دیگر نے اپنے اپنے انداز میں منقبت اور قصیدے پڑھے، امام بارگاہ باب العلم (کربلا) میں منعقدہ تقریب سے ملک کے نامور منقبت خواہوں نے کلام پڑھا، امام بارگاہ دربار حسین پکی ڈیوڑھی اور رسول نگر روڈ پر واقع امام بارگاہ در عباس میں بھی کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد ہوئیں، سابقہ کونسلر آغا بابر عباس کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب میں 100 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا، تقریب میں سابق رکن صوبائی اسمبلی اکمل سیف چٹھہ، سابق چیئرمین بلدیہ مرزا امجد محمود، ریاض ڈار سمیت متعدد سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور ولادتِ مولودِ کعبہ کی خوشیوں میں حصہ لیا، داراں بلوچاں میں بھی ایک روح پرور تقریب منعقد کی گئی جبکہ محلہ چراغ آباد میں غلام مرتضیٰ علوی کے زیرِ اہتمام جشنِ ولادت کی محفل سجائی گئی، سید حسن شیرازی اور علمدار حسین چوہدری کی رہائش گاہوں پر بھی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں کیک کاٹنے کے ساتھ ساتھ کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، شہریوں نے اس موقع پر امن، اتحادِ امت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
