وزیرآباد میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے دو نوجوان جاں بحق ہو گئے

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) وزیرآباد میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے دو نوجوان جاں بحق ہو گئے، تاہم ایک نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں ریلوے پولیس کا کردار مشکوک قرار دیا جا رہا ہے، جس نے واقعہ کو مزید پراسرار بنا دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی نعشیں سول ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دی گئیں جبکہ مقامی پولیس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بھٹی کے رہائشی علی بٹ اور سرکلر روڈ کا رہائشی بلال شہزاد شامل ہیں، جو آپس میں قریبی دوست بتائے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق علی بٹ نامی نوجوان کو ریلوے پولیس نے گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے لائنوں سے زندہ حالت میں حراست میں لیا تھا، تاہم بعد ازاں اسے مردہ حالت میں سول ہسپتال وزیرآباد منتقل کیا گیا، جو اپنے اندر کئی سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی بٹ کی زندہ گرفتاری اور پھر اچانک موت کے درمیان پیش آنے والے حالات تاحال واضح نہیں ہو سکے، جبکہ اس حوالے سے ریلوے پولیس کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔ واقعہ نے شہری حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے اور ریلوے پولیس کے طرزِ عمل پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔دوسری جانب بلال شہزاد کو اہلخانہ نے حالت بگڑنے پر فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ دونوں نوجوانوں کی اموات کو پولیس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ سے مشروط کر رکھا ہے۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کی جانب سے درخواست موصول ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ واقعہ کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اموات کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔ادھر جاں بحق نوجوانوں کے اہلخانہ نے بھی اس حوالے سے کسی قسم کا موقف دینے سے انکار کیا ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور علی بٹ کی حراست کے دوران پیش آنے والے حالات کو واضح کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں