ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم میں چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ کا باوقار اور مثالی قدم، وکلاء برادری اور سماجی حلقوں کی جانب سے زبردست خراج تحسین

Spread the love

جہلم: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم کے حالیہ انتخابات میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کو خوش اسلوبی سے ختم کرنے میں چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ نے اپنی بالغ نظری، فراخ دلی اور حقیقی قیادت کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف بار کی عزت و وقار کو محفوظ رکھا بلکہ وکلاء برادری کو تقسیم ہونے سے بھی بچا لیا۔

تفصیلات کے مطابق، انتخابات کے نتیجہ میں صدر کے عہدے پر تنازع پیدا ہو گیا جس پر بار کمیٹی نے ایک فیصلہ سنایا کہ دونوں امیدوار، چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ اور راجہ شاہد ایڈووکیٹ، چھ، چھ ماہ کے لیے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ تاہم چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ نے اعلیٰ ظرفی اور عظمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سال بھر کے لیے دستبرداری کا اعلان کیا اور راجہ شاہد ایڈووکیٹ کو مکمل مدت کے لیے صدر تسلیم کر لیا۔.

ان کے اس فیصلے کو نہ صرف ڈسٹرکٹ بار جہلم بلکہ تمام وکلاء اور سماجی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا۔ اس موقع پر سینئر قانون دان ایڈووکیٹ امجد فاروق گوندل نے کہا کہ “وکلا کے انتخابات صرف پولنگ کے دن تک ہوتے ہیں، اگلے دن سب ایک ہو کر جیت کا جشن مناتے ہیں، اور جو کردار چوہدری محبوب عالم نے ادا کیا وہ وکلاء کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔”چوہدری عدیل فراز ایڈووکیٹ ،چوہدری افضال ایڈووکیٹ, راجہ یاسر لطیف ایڈووکیٹ, چوہدری رضوان ایڈووکیٹ اور دیگر معزز وکلاء نے بھی چوہدری محبوب عالم ایڈووکیٹ کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور اسے ایک مثبت مثال قرار دیا جو آئندہ کے لیے بار ایسوسی ایشنز کے اندر قیادت کے رویے کو درست سمت دے سکتی ہے۔

یہ فیصلہ جہلم بار کی سالمیت، وقار اور اتحاد کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں