جہلم ( ) تفصیلات کے مطابق سی ای او ایجوکیشن ضلع جہلم ڈاکٹر نازیہ شہزادی نے گورنمنٹ پرائمری سکول ملوٹ میں دو نئے تعمیر شدہ کلاس رومز کا اپنے دستِ مبارک سے افتتاح کیا۔اس موقع پر منعقدہ سادہ مگر پروقار تقریب میں تعلیمی و سماجی شخصیات اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شاہد صدیق، تنظیم الفلاح کے صدر محمد عمر بٹ، چیئرمین یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس ضلع جہلم عبدالغفور چوہان، راجہ عبدالباسط کیانی سمیت دیگر معزز شخصیات خصوصی طور پر موجود تھیں۔جبکہ گاؤں کے معززین اور والدین کی بڑی تعداد بھی تقریب کا حصہ بنی۔بتایا گیا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول ملوٹ میں مجموعی طور پر تین کلاس رومز کی مرمت کے بعد انہیں باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ان کمروں کی تعمیر و مرمت چوہدری امجد حسین کی مالی معاونت سے مکمل ہوئی، جبکہ راجہ عبدالباسط کیانی نے کمروں کے فرش کی تیاری میں خصوصی تعاون فراہم کیا۔یاد رہے کہ چوہدری امجد حسین کے والدِ محترم چوہدری محمد خلیل مرحوم نے 1996 میں اسی سکول میں اینٹوں کی سولنگ کروا کر تعلیم دوست خدمات کی بنیاد رکھی تھی۔یہ خاندان آج بھی تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے خدمات کی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔تقریب میں چوہدری منیب زاہد، ماسٹر فضل حسین، چوہدری عابد حسین ، چوہدری خالد محمود، راجہ ظفر اللہ، چوہدری طاہر محمود اور چوہدری شاہد حسین نے بھی شرکت کی۔آخر میں سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی نے مخیر حضرات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی حکومت اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے جو بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
